ہیملٹن ۔ 13 مارچ۔(سیاست ڈاٹ کام) آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے پول اے میچ میں نیوزی لینڈ نے اپنے اوپنر مارٹن گپٹل کی دھواں دھار سنچری کی مدد سے آج بنگلہ دیش کو تین وکٹ سے شکست دیدی ۔ اس طرح وہ پول اے کے تمام میچوں میں فاتح رہی۔ بنگلہ دیش کی ٹیم نے محمداﷲ کی طوفانی سنچری کی مدد سے بڑا اسکور بناتے ہوئے حریف ٹیم کی کامیابی کیلئے 289 رنز کا نشانہ مقرر کیا تھا ۔ تیسری وکٹ کی رفاقت میں گپٹل (105) اور راس ٹیلر (56) نے 131 رنز کا اضافہ کیا ۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم آج کی کامیابی کے ساتھ پول اے میں 12 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست مقام پر برقرار رہی ۔ 8 پوائنٹس کے ساتھ سری لنکا دوسرے مقام پر ہے ۔ آسٹریلیا اور بنگلہ دیش کے سات سات پوائنٹس ہیں۔ بنگلہ دیش کی ٹیم جو پیر کو انگلینڈ کو شکست دیکر پہلی مرتبہ کوارٹر فائنلس میں پہونچی ہے چوتھے مقام پر ہے اور بہت ممکن ہے کہ اس کا آئندہ مقابلہ دفاعی چمپپئنس ہندوستان کے ساتھ ہوگا ۔ تاہم آسٹریلیا اور اسکاٹ لینڈ کے مابین کل ہوبارٹ میں ہونے والے مقابلہ کے بعد ہی پول کا قطعی موقف واضح ہوگا ۔ اگر اسکاٹ لینڈ کو آسٹریلیا کے خلاف بھاری اسکور سے کامیابی حاصل ہوتی ہے تو ٹیموں کا موقف تبدیل ہوسکتا ہے
۔ قبل ازیں بنگلہ دیش کی اننگز میں محمداﷲ نے ورلڈ کپ میں اپنی دوسری سنچری بنائی ۔ وہ آج 128 رن بناکر ناٹ آؤٹ رہے جو اُن کے کیرئیر کی بہترین سنچری تھی جس کی مدد سے بنگلہ دیش کا مجموعی اسکور سات وکٹ کے نقصان سے 288 تک پہونچ گیا تھا ۔ بنگلہ دیش کی ٹیم نے اپنے بھاری اسکور کا دفاع کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کے خطرناک اوپنر اور کپتان برانڈن میک کلم کو آٹھ رنز کے اسکور پر آؤٹ کردیا ۔ فرسٹ ڈاؤن بیٹسمین کین ولیمنس کو محض ایک رن پر آؤٹ کرتے ہوئے ابتداء میں نیوزی لینڈ کو پانچ اوور میں 33-2 تک گھٹادیا تھا ۔ لیکن گپٹل اور ٹیلر نے 131 رن جوڑتے ہوئے نہ صرف اپنی ٹیم کو سنبھال لیا بلکہ کامیابی کے نشانہ کے تعاقب کی بنیاد ڈالی۔ گپٹل نے 100 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 11 چوکے اور دو چھکے لگائے ۔
ٹیلر 97 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے پانچ چوکے لگائے ۔ لیکن شکیب الحسن کی گیند پر گپٹل کو روبل حسین نے کیچ آؤٹ کردیا۔ جب نیوزی لینڈ کا اسکور 164/3 تھا اس وقت نیوزی لینڈ پھر ایک مرتبہ پریشانی سے دوچار ہوگئی اور بنگلہ دیش کی کامیابی کی ہلکی اُمید پیدا ہوئی ۔ ناصر حسین نے ٹیلر اور روبل حسین نے گرینٹ ایلیاٹ کو جلد آؤٹ کردیا۔ شکیب جنھوں نے چار وکٹس حاصل کئے لیوک رونچی سے بھی چھٹکارہ دلادیا اس طرح 44.4 اوورس میں نیوزی لینڈ کی ٹیم 247/6 پر بکھرتی نظر آئی ۔ تاہم آٹھویں نمبر کے بیٹسمین ڈینیل ویٹوری (16) نے 10 گیندوں پر مشتمل اپنی مختصر اننگز میں ایک چوکا اور ایک چھکہ لگاتے ہوئے ٹیم کو 290/7 تک پہونچادیا جبکہ سات گیند ہنوز باقی تھے۔ قبل ازیں نیوزی لینڈ کے کپتان برنڈن میک کلم نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا ۔ بنگلہ دیش نے محمداﷲ کی دھواں دھار بیٹنگ کے ساتھ بہترین اننگز کا آغاز کیا تھا ۔