لکھنؤ 6 جون (سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش میں جیسا جیسا ایس پی اور بی ایس پی اتحاد کی حقیقت آشکار ہورہی ہے، سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے اس اتحاد کو ایک ’’آزمائش‘‘ قرار دیا اور کہاکہ اتحاد ہمیشہ کامیاب نہیں ہوتا لیکن یہ کوتاہیوں اور غلطیوں کو جاننے میں مددگار ضرور ہوتا ہے۔ منگل کے دن بی ایس پی کی سربراہ مایاوتی نے اعلان کیاکہ ان کی پارٹی یوپی اسمبلی کے ضمنی انتخابات تنہا لڑے گی، ان کے اس بیان پر فوری ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اکھلیش یادو نے کہاکہ ان کی پارٹی بھی تنہا ضمنی انتخابات لڑنے کے لئے تیار ہے۔ انھوں نے یہ بھی کہاکہ دونوں جماعتوں کے درمیان سیاسی عدم مساوات کے باوجود بھی اُنھوں نے ہمایاوتی کا احترام کیا ہے۔ ایس پی کے صدر نے یہ بھی کہاکہ میں اپنے سابقہ بیان پر قائم ہوں کہ مایاوتی کا احترام کرنا میرا احترام کرنے کے برابر ہے۔ انھوں نے بتایا کہ جہاں تک ضمنی انتخابات میں تنہا حصہ لینے کا تعلق ہے میں پارٹی کے دیگر قائدین سے مشاورت کروں گا اور ایک حکمت عملی اس سلسلے میں تیار کی جائے گی۔