حیدرآباد ۔ /20 جولائی (سیاست نیوز) حبیب نگر پولیس نے غیرقانونی طور پر گٹکھا اور حقہ میں استعمال کئے جانے والے کیمیکلس کے کاروبار میں ملوث ایک پان شاپ مالک کو گرفتار کرلیا ۔ انسپکٹر حبیب نگر مسٹر ایم مدھوکر سوامی نے کہا کہ 27 سالہ شیخ رضی احمد ساکن ملے پلی ، پڑوسی ریاست کرناٹک سے ممنوعہ تمباکو اشیاء ، گٹکھا اور حقہ میں استعمال کئے جانے والے کیمیکلس کو حاصل کرنے کے بعد وہ دونوں شہروں میں فروخت کررہا تھا ۔ پولیس نے بتایا کہ رضی احمد بڑے پیمانے پر ممنوعہ اشیاء کا کاروبار چلارہا تھا جس پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اسے گرفتار کرلیا اور اس کے قبضے سے بھاری مقدار میں زردہ ، حقہ میں استعمال کئے جانے والے کیمیکل ، سگریٹس اور دیگر اشیاء برآمد کرتے ہوئے اس کے خلاف ایک مقدمہ درج کرلیا ۔ پولیس نے ملزم کو عدالت کے روبرو پیش کردیا ۔