گوپال پورم کے روڈی شیٹر سید فرید پی ڈی ایکٹ کے تحت گرفتار

پولیس کی خصوصی مہم ، ملزم جیل منتقل ، عوام کو ہراساں کرنے کا شاخسانہ
حیدرآباد۔ 30 اکتوبر (سیاست نیوز) کمشنر پولیس حیدرآباد نے گوپال پورم پولیس اسٹیشن کے روڈی شیٹر سید فرید کو پی ڈی ایکٹ کے تحت حراست میں لے کر جیل منتقل کردیا۔ شہر کے تحفظ اور سلامتی کے لئے پولیس کی جانب سے روڈی عناصر کے خلاف چلائی جارہی خصوصی مہم کے تحت روڈی شیٹر فرید کو گرفتار کیا گیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ مذکورہ روڈی شیٹر سکندرآباد ریلوے اسٹیشن کے علاوہ اپنے مکان واقع سیتاپھل منڈی کے قریب غیرقانونی سرگرمیوں کے ذریعہ عوام کو خوف زدہ کررہا تھا۔ گوپال پورم ، لالہ گوڑہ اور ریلوے پولیس نے اس کے خلاف اب تک 9 مقدمات درج کئے ہیں۔ کمشنر پولیس کی ہدایت پر سید فرید کو پی ڈی ایکٹ کے تحت گرفتار کرکے اسے چنچل گوڑہ جیل منتقل کردیا۔