میڈرڈ۔3 مئی (سیاست ڈاٹ کام) گول کیپر کی بھیانک غلطی کے سبب بایرن میونخ یوئیفا چیمپیئنز لیگ کے فائنل کی دوڑ سے باہر ہو گئی اور رئیل میڈرڈ نے لگاتار تیسری مرتبہ ایونٹ کے فائنل میں رسائی حاصل کر لیا۔یوئیفا چیمپئنز لیگ کے سلسلے میں کھیلے گئے سیمی فائنل سیکنڈ لیگ میچ میں رئیل میڈرڈ اور بایرن میونخ کی ٹیمیں میڈرڈ میں مدقابل آئیں تو پہلے لیگ کے میچ میں عمدہ کارکردگی کی بدولت میڈرڈ کو 2۔1 کی برتری حاصل تھی۔دونوں ٹیموں کے درمیان انتہائی زبردست اور مسابقتی مقابلہ دیکھنے کو ملا جہاں میچ کے تیسرے ہی منٹ میں بایرن کے کیمچ نے گول کر کے ٹیم کو برتری دلائی لیکن 7 منٹ بعد میڈرڈ کے کریم بنزیما نے گول کر کے مقابلہ 1۔1 سے برابر کر دیا جو پہلے ہاف کے اختتام تک برقرار رہا۔ہاف ٹائم سے قبل بایرن میونخ کی ٹیم اس وقت کافی بدقسمت رہی جب میڈرڈ کی ڈی میں گیند مارسیلو کے ہاتھ پر لگی لیکن ریفری اسے دیکھنے میں ناکام رہے اور بایرن کے کھلاڑیوں کی اپیل کے باوجود پینالٹی نہ دی گئی جس نے بایرن سے میچ میں برتری کا سنہرا موقع چھین لیا۔دوسرے ہاف کے پہلے ہی منٹ میں بایرن میونخ کے گول کیپر نے بھیانک غلطی کی جہاں ساتھی کھلاڑی کی جانب سے دیے گئے بیک پاس پر انہوں نے گیند کو پکڑنے کی کوشش کی لیکن اچانک انہیں یاد آیا کہ قوانین کے تحت وہ گیند کو ہاتھ سے نہیں اٹھا سکتے اور گیند کو کک کرنے کی کوشش کی جس میں انہیں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔اس موقع پر میڈرڈ کے بنزیما کو گول کرنے کا آسان موقع ملا اور انہوں نے گیند کو گول میں پھینک کر اپنی ٹیم کو میچ میں برتری دلا دی۔بایرن میونخ نے گول کرنے کے لیے جدوجہد جاری رکھتے ہوئے حریف ٹیم پر تابڑ توڑ حملے جار رکھے جس کا صلہ انہیں 63ویں منٹ میں اس وقت ملا جب روڈریگوئز نے گول کر کے مقابلہ ایک بار پھر 2۔2 گولز سے برابر کر دیا۔اس کے بعد دونوں ٹیموں نے برتری حاصل کرنے کی بھرپور کوشش کی خصوصاً بایرن میونخ نے گول کے حصول کے لیے تواتر سے حملے کیے لیکن کوئی بھی ٹیم کامیاب نہ ہو سکی اور دونوں کے درمیان مقابلہ 2-2 گولز سے برابری پر ختم ہوا۔اس طرح رئیل میڈرڈ نے اوسط اسکور 4-3 کی بدولت لگاتار تیسرے سال فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے کا اعزاز حاصل کر لیا۔