’’گول کرنے کیلئے میسی کو چندہ دیں‘‘انوکھا احتجاج

ماسکو۔18 جون (سیاست ڈاٹ کام) ارجنٹیناکے اسٹار کھلاڑی میسی نے شائقین کو مایوس کردیا۔ آئس لینڈ کے خلاف میچ میں میسی سے بڑی توقعات وابستہ تھیں لیکن انہوں نے گول کرنے بجائے پینالٹی تک ضائع کردیا۔ ایک منچلے شائق نے اپنا احتجاج انوکھے انداز میں پیش کیا۔ انہوں نے ایک ڈبہ لیا اور راہگیروں سے چندہ جمع کرنے کی اپیل کرنے لگا۔ ڈبے پر لکھا’’گول کرنے کے لئے میسی کو چندہ دیں‘‘۔یاد رہے کہ میسی جب اپنی ٹیم ارجنٹینا کی طرف سے کھیلتے ہیں تو انھیں غیر معمولی کھلاڑیوں کا نہیں بلکہ اوسط درجے کے کھلاڑیوں کا ساتھ حاصل ہوتا ہے۔ روس میں جاری فیفا ورلڈ کپ میں آئس لینڈ نے اپنے پہلے گروپ میں نہ صرف اسٹار اسٹرائیکر میسی کو گول کرنے سے بلکہ ان کی ٹیم کو ہی فتح سے بھی دور رکھا۔ میچ میں آئس لینڈ کے گول کیپر کی شاندار کارکردگی کے باعث ارجنٹینا کی ٹیم صرف ایک گول ہی کرپائی۔ اسٹار کھلاڑی میسی کی پینالٹی کک میں ناکامی اور کھیل کے آخری لمحات میں فری کک پر گول نہ کر سکنے کے باعث میسی کے اپنی ٹیم میں کارکردگی پر ایک بار پھر بحث چھڑ گئی ہے۔ میچ میں میسی پر اس لئے بھی دباو زیادہ تھا کیونکہ ان کے 33 سالہ حریف کرسٹیانو کی ٹیم نے نہ صرف خود سے بہتر فٹبال کھیلنے والی ٹیم اسپین سے میچ برابر کیا بلکہ اس میچ کی خاص بات کرسٹیانو رونالڈو کا آخری لمحات میں فری کک پر ناقابل یقین گول کرکے میچ کو برابر کرنا تھا۔ رونالڈو کی ہیٹ ٹرک کے بعد فٹبال مبصرین نے آئس لینڈ کی ٹیم کو انتباہ دیا تھا کہ میسی پر اب دباو ہے کہ وہ رونالڈو سے بہتر نہیں تو ان جیسی کارکردگی ضرور دکھائیں لیکن میسی ایک بار پھر اپنی ٹیم کی طرف سے کھیلتے ہوئے سنبھلے ہوئے نظر نہیں آئے اور نہ صرف انھوں نے گول کرنے کے متعدد مواقع چھوڑے بلکہ پینلٹی کو بھی گنوادینے کی صورت میں ایک یقینی گول بھی چھوڑا۔ اسپین کے خلاف کھیل کے آخری لمحات میں رونالڈو کی فری کک کو فٹبال کی تاریخ کی بہترین فری ککس میں شمار کیا جارہا ہے۔ہسپانوی کلب بارسلونا کی طرف سے جب میسی میدان میں اترتے ہیں تو ان کا ساتھ دنیائے فٹبال کے بہترین کھلاڑی لوئس سواریز اور نیمر ڈی سلوا دیتے ہیں۔ ایسے میں میسی کو گول اسکور کرنے میں زیادہ دقت نہیں ہوتی کیونکہ وہ دونوں کھلاڑی بھی میسی کے پائے کے ہیں۔ جب ارجنٹینا کے ساتھ میچ میں وہ اترے تو انھیں وہ مدد حاصل نہیں تھی ۔