حیدرآباد۔/31ڈسمبر، ( سیاست نیوز) عوام میں احساس تحفظ کو فروغ دینے اور روڈی و غیر سماجی عناصر کی سرگرمیوں کو آہنی پنجہ سے کچلنے کیلئے حیدرآباد سٹی پولیس کام کررہی ہے۔ کمشنر پولیس حیدرآباد مسٹر مہیندر ریڈی نے آج گولکنڈہ کے عادی رہزن محمد سیف الدین عرف قطب کو پریونٹیو ڈیٹنشن (پی ڈی ایکٹ ) کے تحت گرفتار کرنے کے احکامات جاری کئے جس پر اسے جیل بھیج دیا گیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ قطب 53 رہزنی کی وارداتوں میں ملوث ہے اور اس نے آٹو موبائیل سرقہ بھی کئے۔ راہ چلتی خواتین کو نشانہ بنانے والے قطب کے خلاف کمشنر پولیس نے سخت کارروائی کرتے ہوئے اسے پی ڈی ایکٹ کے تحت طویل عرصہ تک جیل میں محروس رکھنے کے احکامات جاری کئے۔ ذرائع نے بتایا کہ قطب کو سابق میں دس مقدمات میں سزا سنائی گئی تھی اور وہ سزا مکمل کرنے اور ضمانت پر رہا ہونے کے بعد دوبارہ غیرقانونی سرگرمیوں میں ملوث رہا۔