گولکنڈہ اٹھارہ سیڑھی سے ایک شخص کی نعش برآمد

حیدرآباد /9 ستمبر ( سیاست نیوز ) گولکنڈہ کے علاقہ اٹھارہ سیڑھی سے پولیس نے ایک شخص کی نعش کو برآمد کرلیا ہے جو انتہائی مسخ شدہ پائی گئی ہے ۔ انسپکٹر گولکنڈہ محمد منور نے بتایا کہ پولیس نے ایک اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے نعش کو دستیاب کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ 30 سالہ نامعلوم شخص کی نعش گولکنڈہ فصیل سے متصل اٹھارہ سیڑھی کے علاقہ میں پائی گئی ۔ باوثوق ذرائع کے مطابق اس نعش کے گلے پر نشانات پائے گئے ہیں اور کمر کے نیچے حصہ پر زخموں کے نشانات ہیں تاہم گولکنڈہ پولیس کا کہنا ہے کہ نعش انتہائی مسخ شدہ ہونے کے سبب اس کی شناخت میں مشکل پیش آرہی ہے ۔ انسپکٹر نے بتایا کہ نعش کو پوسٹ مارٹم کیلئے منتقل کردیا گیا اور پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد تحقیقات میں تیزی پیدا کی جائے گی ۔