گولڈ میڈل کے عدم حصول پر مایوسی نہیں : نارنگ

گلاسگو 30 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) اسٹار شوٹر گگن نارنگ کامن ویلتھ گیمز کی ریکارڈ بُک میں اپنا نام درج کروانے میں ناکام ہوئے ہیں جیسا کہ وہ اِن مقابلوں میں سلور اور برونز میڈل حاصل کرنے کے علاوہ اولمپک میں برونز میڈل حاصل کرچکے ہیں۔ تاہم گلاسگو میں رواں کامن ویلتھ گیمز کے بیسویں ایڈیشن میں گولڈ میڈل حاصل نہ کرنے پر وہ مایوس نہیں ہیں۔ نارنگ نے 2006 ء اور 2010 ء کے کامن ویلتھ گیمز میں گولڈ میڈل حاصل کیا ہے لیکن اِس مرتبہ گلاسگو میں وہ سنہری کامیابی حاصل نہیں کرپائے ہیں۔ اِس کے باوجود اِنھیں اُمید ہے کہ 2018 ء میں آسٹریلیا میں منعقد شدنی کامن ویلتھ گیمز میں وہ گولڈ میڈل حاصل کریں گے۔ گگن نارنگ نے مزید کہاکہ وہ ابھی صرف 31 برس کے ہیں

اور اِن کا کرئیر کئی برسوں پر مشتمل ہوسکتا ہے۔ نارنگ نے 50 میٹر رائفل 3 پوزیشنز میں برونز میڈل حاصل کیا ہے اور اِس ضمن میں ان کا کہنا ہے کہ 2006 ء اور 2010 ء میں وہ گولڈ میڈل حاصل کرچکے ہیں۔ جبکہ آئندہ گیمز میں وہ اپنے کرئیر کا نواں گولڈ میڈل حاصل کرنے کے لئے پُرعزم ہیں۔ آسٹریلیا میں منعقد شدنی کامن ویلتھ گیمز کے ضمن میں اظہار خیال کرتے ہوئے نارنگ نے کہاکہ آئندہ ایڈیشن میں سنگلز، جوڑیوں اور ٹیم کے لئے مختلف زمروں میں مقابلے کھیلے جائیں گے جوکہ ہندوستانی نشانہ بازوں کے لئے خوش آئند ہیں۔ رواں گیمز میں گولڈ میڈل حاصل نہ ہونا مایوس کن نہیں ہے کیونکہ میں آئندہ ایڈیشن میں بہتر مظاہرے کے ذریعہ گولڈ میڈل کے حصول کے لئے پُرعزم ہوں۔