حیدرآباد۔7اگست ( سیاست ڈاٹ کام ) گلاسگو میں حالیہ منعقدہ کامن ویلتھ گیمس میں گولڈ میڈل سے محروم رہنے والی ہندوستانی بیڈ منٹن کھلاڑی پی وی سندھو نے اب اپنی تمام تر توجہ ایشین گیمس اور ورلڈ چمپئن شپ پر مرکوز کرلی ہے ۔ سندھو کو امید ہے کہ گلاسگو میں جو غلطیاں ان سے سرزد ہوئی ہے وہ اُن غلطیوں سے سیکھتے ہوئے اپنے مظاہروں کو بہتر بنائیں گی اور ورلڈ چمپئن شپ کے علاوہ ایشین گیمس میں بہتر مظاہرہ کریں گی جو کہ 19ستمبر تا 4اکٹوبر منعقد شدنی ہے ۔ خبررساں ایجنسی پی ٹی آئی سے اظہار خیال کرتے ہوئے حیدرآباد سے تعلق رکھنے والی بیڈمنٹن کھلاڑی پی وی سندھو نے کہا کہ وہ جانتی ہیں کہ گلاسگو میں گولڈ میڈل کا حصول ان کیلئے ناممکن نہیں تھا اور سنہری کامیابی حاصل نہ ہونے پر کافی مایوسی ہوئی ہے ۔ سندھو نے کہا کہ انہیں اولمپکس میں بہرحال برونز میڈل حاصل ہواہے اور وہ اس کامیابی کو بہتر بناتے ہوئے گولڈ میڈل حاصل کرنا چاہتی ہیں۔ گلاسگو میں گولڈ میڈل حاصل نہ کرنے پر مایوس نظر آنے والی سندھو نے کہا کہ یقیناً انہیں مایوسی ہوئی ہے لیکن کھیل کے نشیب و فراز کوبھی قبول کرنا پڑتا ہے ۔ گلاسگو کے سیمی فائنل میں شکست برداشت کرنے والی 19سالہ سندھو نے کہا کہ معمولی غلطیوں کی وجہ سے انہیں گولڈ میڈل سے محروم ہونا پڑاہے ۔