حیدرآباد۔ 12دسمبر (سیاست ڈاٹ کام) حیدرآباد کی طالبہ ہانیہ فاطمہ اِن دنوں قومی سطح پر ٹیبل ٹینس میں اپنے شہر اور ریاست تلنگانہ کا نام روشن کررہی ہیں۔ نصر اسکول میں نویں جماعت کی طالبہ ہانیہ فاطمہ جو محمداسداللہ بیگ (مجتبیٰ جویلرس) کی صاحبزادی ہیں‘ اپنی بہترین کارکردگی کے اساس پر اے پی اینڈ تلنگانہ آئی سی ایس سی ای اینڈ آئی ایس ای اسکولس کے لئے ریاستی سطح پر نمائندگی کے لئے منتخب کی گئیں جس میں انہوں نے انڈر۔17 ڈبلز میں گولڈ میڈل حاصل کیا۔ جس کے بعد نیشنلس میں تلنگانہ کی نمائندگی کے لئے ریاستی ٹیم میں شامل کیا گیا جو بنگلور میں منعقد ہوئے تھے۔ ہانیہ فاطمہ نے ایس ایف اے چمپئن شپ میں حصہ لیا جسے اسکول اولمپکس کہا جاتا ہے اس میں انہوں نے انڈر۔15 اور انڈر۔17 دو زمرہ جات کے سنگلس مقابلوں میں حصہ لیا۔ انڈر۔15 میں گولڈ اور انڈر۔17 میں برائونز میڈل حاصل کیا۔ 13سالہ ہانیہ فاطمہ کو نصر اسکول کی جانب سے اسٹار آف نصر ٹرافی پیش کی گئی۔ ہانیہ فاطمہ نے ابتدائی ٹریننگ گوپی چند اکیڈیمی سے حاصل کی اور مشہور ٹیبل ٹینس کوچ سری کانت کی نگرانی میں اپنی صلاحیتوں کو پروان چڑھایا۔ انڈر۔15 اور انڈر ۔17 میں ان کے مظاہروں کو دیکھتے ہوئے امید کی جارہی ہے کہ ہانیہ فاطمہ ٹیبل ٹینس کی دنیا میں تلنگانہ کا پرچم روشن کریںگی۔