گوری لنکیش کے قتل پر ملک گیر برہمی ، سیاسی پارٹیوں

اور مختلف چیف منسٹرس کی جانب سے بھی مذمت
نئی دہلی ۔ 6 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) سینئر صحافی گوری لنکیش کے بنگلورو میں بے رحمانہ قتل پر ملک گیر سطح پر برہمی پھیل گئی۔ ذرائع ابلاغ کی برادری اور شہری معاشرہ کے ارکان نے بنگلورو دہلی اور دیگر کئی شہروں میں احتجاجی مظاہرے کئے۔ پارٹی خطوط سے بالاتر ہوکر تمام سیاسی پارٹیوں نے اس کی مذمت کی۔ تاہم کانگریس کے اعلیٰ سطحی قائدین اور بی جے پی کے درمیان کل رات اس قتل پر زبانی تکرار ہوگئی۔ صدر کانگریس سونیا گاندھی، نائب صدر کانگریس راہول گاندھی اور سی پی آئی ایم نے قتل کی مذمت کی جبکہ بی جے پی نے قتل کی عاجلانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ مذمت کرنے والوں میں پنجاب، مغربی بنگال اور دیگر ریاستوں کے چیف منسٹرس بھی شامل تھے۔