گورو سولنکی ورلڈ چمپئن شپ باکسنگ کے کوارٹر فائنلس میں داخل

نئی دہلی 20 اپریل ( پی ٹی آئی ) ایشین سلور میڈلسٹ گورو سولنکی ورلڈ یوتھ باکسنگ چمپئن شپ کے ایک مقابلہ میں ناسازی طبیعت کے باوجود کامیابی حاصل کرتے ہوئے کوارٹر فائنلس میں رسائی حاصل کرلی ۔ سورو سولنکی ان دنوں بخار کا شکار ہیں اور انہیں ٹیم ڈاکٹر کی خدمات بھی حاصل نہیں رہیں۔ یہ مقابلے صوفیا بلغاریہ میں منعقد ہو رہے ہیں۔ گورو سولنکی نے آئر لینڈ کے ولیم ڈونوگھے کو 3 – 0 سے کامیابی حاصل کی ۔ کوارٹر فائنلس میں ان کا مقابلہ چین کے ایل وی پنگ سے ہونے والا ہے ۔ پنگ نے اسپین کے گیبرئیل اسکوبار کو شکست دیتے ہوئے کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کی ہے ۔ سولنکی گذشتہ دو دن سے بخار سے متاثر ہیں اور انہیں ٹیم ڈاکٹر کی خدمات حاصل نہیں تھیں۔ ہندوستانی ٹیم نے بیلاروس کی ٹیم کے ڈاکٹر کی خدمات حاصل کی تھیں۔ سولنکی تاہم بخار کی وجہ سے حوصلہ شکن نہیں ہوئے

اور انہوں نے آئرلینڈ کے باکسر کے خلاف بہترین مظاہرہ کیا ۔ چونکہ ہندوستانی ٹیم کو علیحدگی کا سامنا ہے ایسے میں انٹرنیشنل باکسنگ اسوسی ایشن نے ٹیم کے ساتھ کسی طرح کے عملہ بشمول ڈاکٹرس کو بھی رکھنے کی اجازت نہیں دی ۔ تاہم نیرج پراسر کو 64 کیلوگرام کے زمرہ میں شکست ہونی پڑی تھی ۔ انہیں ہنگری کے رچرڈ ٹوتھ کے خلاف شکست کا سامنا کرنا پڑآ ۔ نیرج پراسر نے حالانکہ سخت مقابلہ کیا لیکن انہیں بالآخر 1 – 2 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا ۔ یہ ٹورنمنٹ در اصل ننجنگ چین میں 16 تا 28 اگسٹ ہونے والے یوتھ اولمپکس کیلئے کوالیفائنگ ٹورنمنٹ ہے ۔ 17 اور 18 سال عمر کے نوجوان اتھیلیٹس کو ان مقابلوں میں کم از کم سیمی فائنلس تک رسائی حاصل کرنا ضروری ہے تاکہ یوتھ اولمپکس کیلئے کوالیفائی کرسکیں ۔ چونکہ ہندوستانی فیڈریشن کو اس ٹورنمنٹ کیلئے معطل کردیا گیا ہے اس لئے ہندوستانی دستہ انٹرنیشنل باکسنگ اسوسی ایشن کے بیانر تلے مقابلہ میں حصہ لے رہا ہے ۔اس سے قبل آرمینیا میں منعقد ہوئے ٹورنمنٹ میں ہندوستان نے دو سلور میڈل اور ایک برانز میڈل حاصل کیا تھا ۔