نظام آباد:5 ؍ اگست(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ڈاکٹر محمد ناظم علی پرنسپل گورنمنٹ ڈگری کالج موڑتاڑ و سنیٹ ممبر تلنگانہ یونیورسٹی کی اطلاع کے بموجب کالج کی عصری بنیادوں پر ترقی کے حکومت کی جانب سے اقدامات کئے گئے ہیں۔ ہمارا گائوں ہماری ترقی پروگرام کے تحت کالج کے لئے مزید 20ایکر اراضی دئے جانے کا امکان ہے۔ کالج کو علاقے کے ماڈل ڈگری کالج کے طور پر منتخب کیا گیا ہے۔ کالج میں جے کے سی کے تحت کمپیوٹر تعلیم دی جارہی ہے جس سے طلباء مسابقتی امتحانات اور ملازمت کے امتحانات میں بہتر مظاہرہ کر سکتے ہیں۔ طلباء کو MANA TVکے ذریعے تعلیم دی جارہی ہے۔ طلباء کو ذائد نصابی سرگرمیوں‘ ریسرچ پراجکٹ اور دیگر خصوصی لیکچر کے اہتمام کے ذریعے عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جارہا ہے۔ گذشتہ سال کالج کے نتائج بھی حوصلہ افزا رہے۔ اس سال تعلیم کا آغاز ہوچکا ہے۔ تلنگانہ حکومت کی کے جی ٹو پی جی مفت تعلیم اسکیم کے تحت انکم سرٹیفکیٹ کے حامل طلباء کو کالج میں مفت داخلہ دیا جارہا ہے۔ اس لئے ایسے طلباء جنہوں نے ابھی تک سال اول میں داخلہ نہیں لیا ہے وہ اپنے اسنادات کے ساتھ کالج کے اوقات کار میں رجوع ہو کر داخلے کی تکمیل کر لیں۔اس سال سے موڑتاڑ ڈگری کالج کو ڈگری سالانہ امتحانات کا مرکز بنایا جارہا ہے۔ کالج کے لئے یوجی کا 2Fموقف حاصل ہوچکا ہے۔ 12Bموقف کے لئے درخواست دی جارہی ہے جس کی منظوری سے یوجی سی کی تعلیمی اسکیمات کالج کو حاصل ہو جائیں گی۔ ڈاکٹر محمد ناظم علی کی شبانہ روز کوشش سے کالج علاقے کا ایک ترقی پذیر تعلیمی ادارہ بن گیا ہے۔