گورنمنٹ ڈگری کالج ظہیرآباد میں داخلے

ظہیرآباد۔/28جون، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مستقر ظہیر آباد میں طالبات کے لئے نو قائم کردہ گورنمنٹ ڈگری کالج میں بی اے ، بی کام اور بی ایس سی کورسیس میں جاریہ تعلیمی سال سے داخلوں کا آغاز ہوگا۔اس خصوص میں کمشنر آف کالجیٹ ایجوکیشن نے ایک مراسلہ مورخہ13جون 2014کے ذریعہ پرنسپال گورنمنٹ ڈگری کالج برائے طلباء کوہدایت کی ہے اور ان سے خواہش کی ہے کہ وہ مذکورہ نو قائم کردہ کالج کا الحاق متعلقہ یونیورسٹی سے عمل میں لانے کیلئے کئے گئے اقدامات سے مطلع کرے۔ کمشنر آف کالجیٹ ایجوکیشن نے ایک اور مراسلہ مورخہ24 جون 2014 کے ذریعہ پرنسپال گورنمنٹ ڈگری کالج ڈاکٹر کے سرینواس راجو کو یہ بھی ہدایت کی ہے کہ وہ طالبات کے لئے نو قائم کردہ ڈگری کالج میں بی ایس سی ( ایم پی سی و پی زیڈ سی ) اردو میڈیم میں بھی داخلوں کا آغاز کرے۔ واضح رہے کہ مذکورہ گورنمنٹ ویمنس ڈگری کالج کے قیام کی منظوری غیر منقسم آندھرا پردیش کی حکومت نے دی تھی اور اس ضمن میں 28ڈسمبر 2013کو سرکاری احکام جی او آر ٹی نمبر 1013 بھی جاری کردیئے تھے۔ مذکورہ ویمنس ڈگری کالج فی الحال گورنمنٹ ڈگری کالج کی عمارت ہی میں قائم رہے گا۔