گورنمنٹ ڈگری کالج بودھن میں بی کام اُردو میڈیم سیکشن کا آغاز

بودھن۔ 28 جولائی (ای۔میل) محکمہ اعلیٰ تعلیم حکومت تلنگانہ نے گورنمنٹ ڈگری کالج بودھن میں جاریہ تعلیمی سال سے آغاز کرتے ہوئے بی کام اُردو میڈیم سیکشن کیلئے احکامات جاری کردیئے۔ معتمد مولانا آزاد ایجوکیشنل سوسائٹی بودھن جناب حسن محی الدین سنجری جنہوں نے مسلسل نمائندگی کرتے ہوئے بی کام کے آغاز کیلئے کامیاب رول ادا کیا۔ تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ اس ضمن میں جی او آر ٹی نمبر 158 محکمہ اعلیٰ تعلیم پر عمل آوری کرتے ہوئے کمشنر کالجیٹ ایجوکیشن نے تکمیلی و تفصیلی ہدایات پر مشتمل مجاریہ جاری کیا جس کا نمبر شمار RC.07/GCS/2015 ہے۔ طلباء کے جلد داخلوں کیلئے حسن سنجری معتمد نے کالج پہنچ کر کمشنر پروسیڈنگ کو پرنسپل گورنمنٹ ڈگری کالج ورا پرساد کے حوالے کیا۔ اس پر پرنسپل نے خوشی کا اظہار کیا اور نئے سیکشن میں داخلوں کے لئے تیزی لانے کا عزم ظاہر کیا۔ جناب حسن سنجری کے مطابق سوسائٹی کے عہدیدار عبدالوہاب سیفی صدر، قاضی خواجہ محی الدین جمیل صدر قاضی بودھن جوائنٹ سیکریٹری کے علاوہ جناب عابد احمد صوفی ایڈوکیٹ نے اس کیلئے مسلسل کوششیں کیں اور خاص طور پر ایم ایل اے بودھن جناب شکیل عامر نے اس ضمن میں خصوصی دلچسپی لیتے ہوئے مولانا آزاد سوسائٹی کے ارباب مجاز کا بھرپور تعاون کیا۔ اس طرح اس سیکشن کا آغاز اس سال سے کیا جاسکا۔ اس ضمن میں حسن محی الدین سنجری نے پرنسپل سیکریٹری اعلیٰ تعلیم، کمشنر کالجیٹ، ایجوکیشن، ایم ایل اے بودھن شکیل عامر کے علاوہ الطاف الدین پرویز، حلیم الدین، باسط حسین، شیخ فصیح الدین، ظہیرالدین بابر، شیر خان، اصغر حسین انجینئر نقاش کا خاص طور پر شکریہ ادا کیا جن کے بھرپور تعاون سے کامیابی کے ساتھ کالج میں اُردو ذریعہ تعلیم سے بی کام شروع ہوا۔