بیدر۔8؍اکٹوبر۔(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)گورنمنٹ اُردو ایچ آر پی اسکول گولہ خانہ بیدر کی طالبات میں حکومت کی جانب سے سائیکلوں کی مفت تقسیم پروگرام کا انعقاد عمل میں آیا۔ پروگرام کی صدارت مدرسہ ہذا کے میر معلم مرزا انصار اُللہ بیگ نے کی۔ اس پروگرام میں مہمانانِ خصوصی کی حیثیت سے جناب محمد عتیق احمد رکن بلدیہ بیدر اور عمرانہ سی آر پی منیارتعلیم نے شرکت کی اور اپنے خطاب میں بتایا کہ حکومت کی جانب سے جماعت ہشتم کی طالبات کوسائیکلوں تقسیم ہوئی ہے جو ایک اچھی اسکیم ہے ۔انھوں نے طالبات سے کہا کہ حکومت کی اس اسکیم سے فائدہ اُٹھائیں‘اور اپنے اسکول کوروزانہ پابندی کے ساتھ سائیکل پر وقت مقررہ پر حاضر رہ کر تعلیم پر توجہ دیں‘اور تعلیمی ترقی کیلئے اپنے بلند مقاصد اور حوصلوں کو پروان چڑھائیں ۔آخر میں طالبات میں سائیکلوں کی تقسیم عمل میں آئی۔مدرسہ ہذا کے میر معلم مرزا انصار اُللہ بیگ نے کہا کہ طلباء کیلئے جو بھی حکومت کی جانب سے اسکیمات جاری کی جاتی ہیں ہم ہمارے مدرسہ کے طلباء کو فائدہ پہنچانے کیلئے جدوجہد کرتے ہیں ۔انھوں نے اس موقع پر اولیائے طلباء سے اِظہار تشکر کرتے ہوئے ان کے اسکول کے تئیں بھر پور تعاون پر اِظہار تشکر کیا ۔پروگرام کے انتظامات میں مدرسہ ہذا کے اساتذہ نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ۔