گورنر کے ساتھ تنازعہ اعظم خان صدرجمہوریہ سے ملاقات کرینگے

لکھنؤ ۔ 18 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) گورنر اترپردیش رام نائیک کے ساتھ جاری لفظی بحث کو ایک نیا رخ دیتے ہوئے ریاستی وزیر اعظم خان نے آج کہاکہ وہ اس مسئلہ پر صدرجمہوریہ پرنب مکرجی سے ملاقات کریں گے۔ انہوں نے یہ جاننا چاہا کہ ایک مکتوب لکھنے پر گورنر آخر اس قدر برہم کیوں ہے۔ کیا ایسی کوئی دستوری پابندی ہیکہ انہیں مکتوب روانہ نہ کیا جائے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ انگریز دور میں بھی ایسا کوئی قانون نہیں تھا۔ اعظم خان نے کہا کہ وہ اس مسئلہ پر صدرجمہوریہ سے ملاقات کریں گے۔ انہوں نے حال ہی میں گورنر کو 4 صفحات پر مشتمل مکتوب روانہ کیا تھا جس میں ان (اعظم خان) کے خلاف منفی روش اختیار کرنے اور متنازعہ ایودھیا مسئلہ پر سیاسی محرکات پر مبنی بیانات دینے کا الزام عائد کیا تھا۔