بیدر /2 نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاست میں امن و امان کی صورت حال درہم برہم ہوکر رہ گئی ہے۔ وزارت داخلہ کا قلمدان نبھانے میں ناکام وزیر داخلہ کے جے جارج کو کابینہ سے علحدہ کرنے اور دیانت دار عہدہ داروں کو تحفظ فراہم کرنے حکومت کو مناسب ہدایت دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے اپوزیشن بھارتیہ جنتا پارٹی نے گورنر کرناٹک وی آوالا سے ملاقات کرکے یادداشت پیش کی۔ حکومت اور چیف منسٹر کے خلاف بھارتیہ جنتا پارٹی نے گورنر کو جو شکایت پیش کی ہے، وہ پہلی ہے۔ بی جے پی کی ریاستی صدر پرہلاد جوشی کی قیادت میں سابق ڈپٹی چیف منسٹر آر اشوک، جگدیش شٹار اور دیگر قائدین نے گورنر سے ملاقات کی۔ بعد ازاں اخبار نویسوں سے بات چیت کرتے ہوئے پرہلاد جوشی نے بتایا کہ اس بات کا مطالبہ کیا گیا ہے کہ اوقافی جائداد پر قابض قمر الاسلام کو فوراً کابینہ سے برطرف کرنے گورنر، چیف منسٹر کو ہدایت دیں۔ چوں کہ ریاست میں امن و امان کی صورت حال ابتر ہے، اس لئے وزیر داخلہ جے جارج کو برطرف کیا جائے۔ عہدہ دار، وزراء اور ارکان اسمبلی یہ بات قبول کرنے تیار نہیں ہیں۔ سرکاری مشنری ٹھپ ہوکر رہ گئی ہے۔ علاوہ ازیں بیلگام میں اسمبلی کا مانسون سیشن منعقد کرنے حکومت کو ہدایت دینے گورنر سے خواہش کی گئی۔ ڈاکٹرس کی ہڑتال سے مریض پریشان ہیں۔ ریاست میں مسائل سنگین بن گئے ہیں، اس کے باوجود چیف منسٹر بورڈ اور کارپوریشن پر نامزدگیاں کرنے دہلی جا رہے ہیں۔ پہلے یہاں کے مسائل حل کریں، بعد میں چیف منسٹر دہلی جائیں یا پھر لندن جائیں۔ پرہلاد جوشی نے بتایا کہ گورنر نے چیف منسٹر کے ساتھ بات چیت کرنے کا تیقن دیا۔