نئی دہلی ؍ ایٹا نگر۔ 3 فروری (سیاست ڈاٹ کام) وزارت داخلہ نے آج بتایا کہ وائی ایس داوول جنہیں حال ہی میں گورنر اروناچل پردیش کا مشیر مقرر کیا گیا تھا، اپنے عہدہ سے استعفیٰ دے دیا۔ مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے ان کا استعفیٰ قبول کرلیا ہے۔ اروناچل پردیش میں صدر راج کے نفاذ کے بعد داوول کو گورنر جے پی راج کھوا کا مشیر مقرر کیا گیا تھا۔ انہوں نے ابتداء میں صحت کی بنیاد پر رخصت کی درخواست دی تھی جسے گورنر سے قبول کرلیا تاہم دہلی پہونچنے کے بعد داوول نے شاید اپنا ذہن تبدیل کردیا اور وزارت داخلہ کو مکتوب استعفیٰ روانہ کیا ہے۔ وزارت ِ داخلہ کے ترجمان کے ایس دھتوالیہ نے بتایا کہ وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے اسے منظور کرلیا ہے۔ اس دوران گورنر اروناچل پردیش نے ریاست کے ایڈوکیٹ جنرل اور ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل کو خدمات سے برطرف کردیا۔ راج بھون کے ایک بیان میں کہا گیا کہ گورنر نے اپنے اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے دونوں کو یکم فروری کو خدمات سے برطرف کردیا ہے۔