گورنر اتر پردیش کو ہٹادینے کانگریس کا مطالبہ

لکھنؤ؍علیگڑھ ۔/16ڈسمبر، ( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس نے آج صدر جمہوریہ سے اپیل کی کہ گورنر اتر پردیش رام نائیک کو فی الفور ان کے عہدہ سے ہٹادیا جائے کیونکہ ان کے بعض متنازعہ بیانات سے اس عہدہ کا وقار مجروح ہوا ہے۔ صدر نشین اتر پردیش کانگریس کمیونیکیشن سیل مسٹر ستیہ دیو ترپاٹھی نے بتایا کہ گورنر کیلئے یہ زیب نہیں دیتا کہ وہ کسی پارٹی اور نظریہ کی تائید اور اس کے حق میں بیانات دیں لیکن گورنر اتر پردیش نے حال ہی میں کئی ایک بیانات دیئے ہیں جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ متنازعہ مسائل پر ان کا رول غیر جانبدار نہیں ہے۔ واضح رہے کہ گورنر رام نائیک نے 11ڈسمبر کو کہا تھا کہ عوام کی خواہش کے مطابق ایودھیا میں بابری مسجد کے مقام پر رام مندر تعمیر کیا جائے۔ انہوں نے یہ بیان اودھ یونیورسٹی فیض آباد کے سالانہ کنونشن میں دیا تھا۔ گذشتہ ماہ بھی انہوں نے ایودھیا میں وی ایچ پی کے زیر اہتمام منعقدہ ایک تقریب میں کہا تھا کہ اندرون پانچ سال تمام پیچیدہ مسائل حل کرلئے جائیں گے اور وزیر اعظم تنازعات کا پرامن حل تلاش کرنے کی کوشش میں ہیں۔دریں اثناء علیگڑھ میں ملت بیداری مہم کمیٹی نے بھی گورنر رام نائیک کو عہدہ سے بیدخل کردینے کا مطالبہ کیا۔ صدر جمہوریہ کو روانہ ایک مکتوب میں کمیٹی نے کہا کہ گورنر کے متنازعہ بیانات سے دستور کی سنگین خلاف ورزی ہوئی ہے۔