گورنرس ریاستوں میں ہم آہنگی و یکجہتی کو فروغ دیں: وزیراعظم

نئی دہلی۔5 جون (سیاست ڈاٹ کام) گورنروں سے تعلیمی میدان میں یونیورسٹیوں کو مہارت پیدا کرنے کے قابل بنانے میں فعال رول ادا کرنے کی اپیل کرتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ ہندوستانی یونیورسٹیوں کو دنیا کی بہترین جامعات میں شامل ہونے کی بڑی جستجو ہونا چاہئے۔ مودی نے گورنروں سے یہ بھی کہا کہ ریاستوں کے مابین ہم آہنگی اور یکجہتی کو مضبوط کرنے میں اپنا رول ادا کریں۔ وہ راشٹرپتی بھون میں کانفرنس آف گورنرس کے اختتامی سیشن سے مخاطب تھے۔ انھوں نے اپیل کی کہ چانسلرس کی حیثیت سے اختیارات استعمال کرتے ہوئے یونیورسٹیوں کو تعلیمات کے مختلف شعبوں میں مہارت کو فروغ دینے کے قابل بنائیں۔ انھوں نے کہا کہ ہندوستانی یونیورسٹیاں دنیا کی بہترین جامعات میں شامل ہوسکتی ہیں اور گورنرس اس تبدیلی کو عمل میں لانے میں کلیدی رول ادا کرسکتے ہیں۔ اس پس منظر میں انھوں نے حکومت کی مساعی کی نشاندہی کی کہ آئی آئی ایمس میں اور ٹاپ 10 سرکاری اور ٹاپ 10 خانگی یونیورسٹیوں میں خودمختاری کو فروغ دیا جاسکے۔