گورنر، لیڈی گورنر ، ڈی جی پی ، ٹالی ووڈ اسٹارس کا حق رائے دہی سے استفادہ

سکریٹری پی کے موہنتی ، وجئے شانتی ، جئے پرکاش نارائن اور صدر تلنگانہ پی سی سی بھی ووٹ دینے والوں میں شامل
حیدرآباد ۔ 30 ۔ اپریل : ( این ایس ایس ) : تلنگانہ میں آج منعقدہ عام انتخابات میں کئی اہم شخصیتوں نے حق رائے دہی سے استفادہ کیا ۔ جس میں گورنر آندھرا پردیش ای ایس ایل نرسمہن کے علاوہ دیگر شخصیتوں میں چیف الیکٹورل آفیسر بھنور لال اور ڈائرکٹر جنرل پولیس بی پرساد راؤ شامل ہیں ۔ ریاستی گورنر اور ان کی شریک حیات شریمتی ویملہ نرسمہن نے آج صبح راج نگر پولنگ اسٹیشن واقع ایم ایس مقطعہ روبرو واقع راج بھون پہونچ کر حق رائے دہی سے استفادہ کیا ۔ بعد ازاں انہوں نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ حق رائے دہی کافی اہمیت کا حامل ہے کیوں کہ پارلیمان جمہوریت میں دستوری حقوق دئیے گئے ہیں ۔ لہذا ہر شہری کو چاہئے کہ وہ اپنے ووٹ کا استعمال کریں ۔ بھنور لال نے آئی اے ایس آفیسرس کالونی جب کہ پرساد راؤ نے پولیس آفیسرس میس مانصاحب ٹینک میں قائم کردہ پولنگ اسٹیشن کو پہونچ کر ووٹ دیا ۔

ڈائرکٹر جنرل پولیس نے حق رائے دہی سے استفادہ کے بعد اخباری نمائندوں کو بتایا کہ تمام رائے دہندوں کو اپنے حق ووٹ سے استفادہ کرنا چاہئے ۔انہوں نے مزید بتایاکہ یہ ایک ایسا موقع ہے کہ رائے دہندے اپنے اچھے قائد کو منتخب کرتے ہوئے ریاست اور ملک کی ترقی اور فلاح و بہبود کو ممکن بنا سکتے ہیں ۔ اسی طرح چیف سکریٹری برائے حکومت ڈاکٹر پی کے موہنتی نے جوبلی ہلز پولنگ اسٹیشن سے رجوع ہو کر حق ووٹ ادا کیا ۔ ٹالی ووڈ سوپر اسٹار و بانی جناسینا مسٹر پون کلیان جنہوں نے تلگو دیشم ۔ بی جے پی انتخابی اتحاد کی تائید کررہے ہیں ۔ رائے دہی کے آغاز کے ساتھ ہی گائتری نگر کے لٹل اسکول میں قائم پولنگ اسٹیشن میں ووٹ دیا جب کہ ایک اورٹالی ووڈ ہیرو ناگرجنا جنہوں نے بی جے پی کے وزیر اعظم امیدوار نریندر مودی سے ملاقات کرتے ہوئے بھر پور تائید و حمایت کااعلان کیا نے اپنی شریک حیات املہ کے ساتھ پولنگ اسٹیشن پہونچ کر ووٹ دیا ۔

ٹالی ووڈ کے دیگر فلم اسٹارس جونیر این ٹی آر بانی تلگو دیشم آنجہانی این ٹی راما راؤ کے پوترے جوبلی ہلز کلب کے علاوہ این ٹی راما راؤ کے فرزند بالا کرشنا نے اپنے ارکان خاندان کے ساتھ جوبلی ہلز پولنگ اسٹیشن کو پہونچ کر ووٹ ڈالا ۔ الو سریش ، راج شیکھر اور ان کی اہلیہ جیوتیا ، بی جے پی تائید ، سریکانت ، اداکارہ منجو ، لکشمی ، فلم ساز و سابق مرکزی وزیر داسری نارائناراو ، پروڈیوسر اشونی دت اور فلم اداکارہ سے سیاستداں بننے والی وجئے شانتی جو کہ حلقہ اسمبلی میدک کی کانگریس امیدوار بھی نے جوبلی ہلز میں حق ووٹ سے استفادہ کیا ۔ اسی طرح صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی پنالہ لکشمیا نے ورنگل ضلع کے خلیشا پور اور قومی صدر لوک ستہ پارٹی ڈاکٹر جئے پرکاش نارائن ( پارلیمانی امیدوار حلقہ ملکاجگری ) نے حیدرآباد کے ایرم منزل علاقہ میں قائم کردہ پولنگ اسٹیشن پہونچ کر ووٹ ڈالا ہے ۔۔