احمد آباد 23 جولائی (سیاست ڈاٹ کام )2002 سابرمتی ایکسپریس ٹرین آتشزنی واقعہ کے ایک ملزم کو آج مدھیہ پردیش کے جھابوا علاقہ میں گرفتار کیا گیا ۔ گودھرا لوکل کرائم برانچ نے مخصوص اطلاع پر 35 سالہ حسین سلیمان موہن کو گرفتار کیا ۔ پولیس انسپکٹر گودھرا لوکل کرائم برانچ ڈی جے چاوڑا نے بتایا کہ سلیمان 2002 گودھرا ٹرین آتشزنی واقعہ کے بعد سے مفرور تھا۔ حال ہی میں یہ اطلاع ملی کہ وہ جھابوا میں روپوش ہیں۔ اس نے وہیں سکونت اختیار کرلی اور آٹو ڈرائیور کے طور پر کام کررہا ہے ۔ ہم نے کل اسے گرفتار کر کے اسپیشل انوسٹی گیشن ٹیم کے حوالے کردیا ہے ۔ لوکل کرائم برانچ نے اندرون ایک ہفتہ یہ دوسری گرفتاری عمل میں لائی ۔ اس سے پہلے 16 جولائی قادر عبدالغنی کو گودھرا ٹاون سے گرفتار کر کے ایس آئی ٹی کے حوالے کیا گیا تھا ۔ سابرمتی ایکسپریس کے کوچ S-6 کو 27 فبروری 2002 کو گودھرا ریلوے اسٹیشن پر نذر آتش کیا گیا تھا جس میں 59 افراد ہلاک ہوگئے تھے ۔ اس واقعہ کے بعد گجرات میں بڑے پیمانے پر تشدد پھوٹ پڑا جس میں تقریبا ایک ہزار افراد ہلاک ہوئے جن میں اقلیتی فرقہ کی بڑی تعداد شامل ہے۔