منچریال /25 جنوری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) رام گنڈم پولیس کمشنریٹ کے گوداوری کھنی بس اسٹانڈ علاقہ میں پانچ مشتبہ افراد کو رام گنڈم سی سی ایس ٹاون I گوداوری کھنی پولیس نے حراست میں لیتے ہوئے پوچھ تاچھ کے ذریعہ پتہ چلاکہ وہ مسروقہ اشیاء فروخت کرنے کیلئے گوداوری کھنی پہونچے ہیں ۔ جن کے نام ساریا ، شیکھر ، پوچم ، گوپال اور رمیش ہیں ۔ پولیس نے ان کی قبضہ سے 10200 روپئے نقد کے علاوہ مندروں سے سرقہ کی گئی قیمتی مورتیاں ، تقریباً 30 تولہ سونے کے زیورات برآمد کرلئے ۔ یہ بات پولیس کمشنر رام گنڈم مسٹر ستیہ نارائنا نے سارقین اور مسروقہ اشیاء کو اخباری نمائندوں کے سامنے پیش کرتے ہوئے بتائی ۔ انہوں نے کہا کہ ملزمین تمام قبل ازیں سرقہ کے کئی وارداتوں میں ملوث ہیں اور جیل کی سزاء کاٹ چکے ہیں ۔ اس کے باوجود پھر سرقہ کی وارداتوں میں ملوث ہوتے ہوئے اسے اپنا پیشہ بنالئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ملزمین نے مقفل منادر ، اور مقفل مکانات میں داخل ہوتے ہوئے قیمتی مورتیاں ، ہونڈے میں موجود نقد رقم اور گھروں سے زیورات سرقہ کرنا ان کا پیشہ بن گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان کے خلاف کیس درج کرتے ہوئے پی ڈی ایکٹ بھی لگایا جارہا ہے ۔ انہیں گرفتار کرنے والوں میں I ٹاون سی آئی گوداوری کھنی مسٹر واسدیو راؤ ، سی سی ایس سی آئی ، سرینواس راؤ ، ایس آئی کرن ، صابر الدین ، کانسٹیبلس تروپتی ریڈی ، گوپال ، اور دیگر قابل ذکر ہیں ۔