گوداوری سے اندرون 3 سال ہر گھر کو پانی کی سربراہی

دوباک کو ماڈل حلقہ اسمبلی میں تبدیل کرنے کا وعدہ ، چیف منسٹر کا خطاب
سدی پیٹ  ۔ 11 جنوری ۔ (سیاست  نیوز) جاریہ سال 62 ہزار کروڑ کا بھاری بجٹ سرمائی اسمبلی سیشن میں پیش کیا جائیگا ۔ سابق میں کسی بھی حکومت نے ایسا بجٹ پیش نہیں کیا یہ اعزاز صرف ٹی آر ایس کے سر جاتا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ مسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے دورہ دوباک کے موقع پر کیا ۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ نے حلقہ دوباک میں کئی ایک ترقیاتی کاموں کا سنگ بنیاد رکھا ۔ کے سی آر نے دوباک ہائی اسکول و جونیر کالج کی جدید عمارت کا سنگ بنیاد رکھا ۔ وزیراعلیٰ نے دوباک ہائی اسکول میں تعلیم حاصل کی تھی اور ڈرمپ آبپاشی کاموں کا افتتاح عمل میں لایا ۔ اس کے علاوہل 100 بستروں کے ہاسپٹل کو منظوری دی ۔ دوباک ٹاؤن کی ترقی کیلئے کمیٹی کا قیام، ٹاؤن ہال ، مارکٹ کو منظوری دی ۔ دوباک نگر پنچایت کی ترقی کیلئے 25 لاکھ روپئے منظور کیا ۔ دوباک کے ہر موضع کی ترقی کیلئے خصوصی طورپر 25 لاکھ کی منظوری ۔ ٹاؤن ہال کی تعمیر کیلئے 5 کروڑ اور تمام مذاہب ( بلا تفریق مذاہب ) کے قبرستان کیلئے 6 ایکڑ اراضی دینے کی منظوری دی ۔ اندرون 3 سال گوداوری سے آبی سربراہی کرنے کا تیقن دیا ۔ دوبارک میں فائیر اسٹیشن کے قیام کیلئے 56 لاکھ اور دوباک کیلئے 15 نئے بسوں کی منظوری دی ۔ انھوں نے دوباک میں ایک خوبصورت چمن کی تعمیر کیلئے اراضی فراہم کرنے عہدیداروں کو ہدایت دی ۔ بعد ازاں وزیراعلیٰ مسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے بالاجی فنکشن ہال میں منعقدہ جائزہ اجلاس میں عہدیداروں اور سیاسی قائدین کے ہمراہ اجلاس میں شرکت کرتے ہوئے کہا کہ مارچ ، اپریل میں 9 گھنٹے برقی فراہم کی جائیگی ۔ انھوں نے کہا کہ 2018 ء سے بلاوقفہ 24 گھنٹے بجلی سربراہی کو یقینی بنایا جائے گا ۔ مزید انھوں نے کہاکہ 4 سال میں تمام تالابوں کی مرمت اور نکاسی کا کام تکمیل کرلیا جائے گا ۔
وزیراعلیٰ نے کہاکہ مشن کاکتیہ کے تحت ہر گھر میں نل کنکشن دینے کا ، ہر شخص کو 10050 لیٹر گوداوری سے پانی سربراہ کرنیکا تیقن دیا ۔ چیف منسٹر مسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے کہاکہ حلقہ دوباک کو ماڈل رول ( مثالی ) حلقہ میں تبدیل کیا جائیگا ۔ انھوں نے پرزور الفاظ میں کہا اگر کوئی بھی خاتون پانی کیلئے باہر نکلتی ہے تو وہاں کے سرپنچ اور ایم پی ٹی سی و دیگر قائدین مستعفی ہوجائیں۔ ٹی آر ایس قائدین سے کہاکہ وہ سرکاری عہدیداروں کے ساتھ تال میل حسن و اخلاق بہتر انداز میں رکھے اور حلقہ اسمبلی دوباک کی ترقی فلاح و بہبودی کیلئے ایک دوسرے کا تعاون کریں ۔ وزیراعلیٰ نے کچھ دیر اپنے ماضی کا تذکرہ کرتے ہوئے اپنے دور تعلیم کے حالات خوبصورت انداز میں بیان کئے۔ انھوں نے کہاکہ میرے اساتذہ کی شفقت ، تربیت ، تعلیم ہی میری کامیابی اور منزل کا راز ہے ۔ خاص طورپر مرتنجم شرما اُستاد کی محبت و شفقتوں کا نتیجہ آج میں اس عہدہ پر فائز ہوں ۔ ایم ایل سی فاروق حسین نے وزیراعلیٰ کی گلپوشی و شال پوشی کی ۔ اس موقع پر رکن پارلیمنٹ میدک کوتا پربھاکر ریڈی ، ریاستی وزیر ٹی ہریش راؤ ، حلقہ دوباک رکن اسمبلی ایس رام لنگاریڈی ، ڈسٹرکٹ کلکٹر ، ڈپٹی اسپیکر پدما دیویندر ریڈی کے علاوہ ایم ایل سی سدھاکر ریڈی بھی موجود تھے ۔