گوتم گمبھیر کی ٹسٹ ٹیم میں واپسی کا امکان

نئی دہلی ۔ 27 ستمبر۔(سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سینئر اوپنر گوتم گمبھیر کی دوبارہ ہندوستانی ٹسٹ ٹیم میں واپسی کا امکان ہے جیسا کہ ایڈن گارڈن میں نیوزی لینڈ کے خلاف جمعہ کو شروع ہونے والے دوسرے ٹسٹ کیلئے انھیں زخمی کے ایل راہول کے مقام پر بحیثیت اوپنر طلب کیا جاسکتا ہے ۔ راہول جو کہ کانپور ٹسٹ کی دوسری اننگز میں زخمی ہونے کے بعد میدان پر فیلڈنگ کیلئے بھی نہیں آئے تھے اور اگلے ٹسٹ کیلئے ان کی دستیابی بھی ناممکن ہے ، لہذا گمبھیر کو موقع دیا جانے کا امکان ہے کیوں کہ بائیں ہاتھ کے بیٹسمین نے گلابی گیند سے کھیلے گئے ٹورنمنٹ دلیپ ٹرافی میں 94، 36، 90 ، 59 اور 77 رنز کی شاندار اننگز کھیلی ہیں۔ رپورٹس کے بموجب گوتم گمبھیر اور بائیں ہاتھ کے میڈل آرڈر بیٹسمین یوراج سنگھ کا بھی فٹنس ٹسٹ بھی لیا جارہا ہے ۔ 34 سالہ گمبھیر نے 56 ٹسٹ مقابلوں میں ہندوستان کی نمائندگی کی ہے ۔ لیکن آخری مرتبہ انھوں نے 2014 ء میں انگلینڈ کا دورہ کیا تھا جو انتہائی مایوس کن رہا۔ گمبھیر کی شمولیت کے باوجود قطعی 11 کھلاڑیوں میں ان کی شمولیت پر سوالیہ نشان لگا رہے گا کیوں کہ اس وقت شکھر دھون ٹیم میں بحیثیت اوپنر موجود ہیں ۔ گمبھیر ابتدائی اوورس میں سوئنگ لیتی گیندوں کے خلاف جدوجہد کرتے دکھائی دیئے ہیں لیکن ایڈن گارڈن کا ماحول اس طرح نہیں ہوگا ۔ گمبھیر جنھوں نے تاحال 4046 رنز اسکور کئے ہیں اور 2011 ء میں جب ہندوستان نے ٹسٹ درجہ بندی میں سرفہرست مقام حاصل کیا تھا ، اُس وقت گمبھیر کے مظاہرے کافی شاندار تھے ۔ لیکن 2012 ء میں جب ہندوستان کو انگلینڈ کے خلاف ہوم سیریز میں 2-1کی شکست ہوئی تھی ، اُس وقت گمبھیر کے مظاہرے بھی مایوس کن رہے تھے ، جس کی وجہ سے انھیں ٹیم سے بھی خارج کردیا گیا تھا ۔