گوتم گمبھیر تمام طرز کی کرکٹ سے سبکدوش

نئی دہلی ۔5 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی ٹیم کے اوپنرگوتم گمبھیرنے تمام طرز کی کرکٹ سے سبکدوشی کا اعلان کردیا ہے۔ اعلان کرتے ہوئے گوتم گمبھیر نے ٹوئٹراورفیس بک پرایک جذباتی ویڈیو شائع کیا۔ انہوں نے لکھا سب سے مشکل فیصلے بھاری دل سے لئے جاتے ہیں۔ آج بھاری من سے میں وہ اعلان کررہا ہوں، جس سے میں پوری زندگی ڈرتا رہا۔ ہندوستان کو 2011 کا ورلڈ کپ جتانے میں گوتم گمبھیرنے اہم کردار نبھایا تھا، حالانکہ وہ طویل وقت سے ٹیم سے باہرہیں۔ گمبھیر نے شاہ رخ خان کی ٹیم کولکاتا نائٹ رائیڈرس کو دو مرتبہ آئی پی ایل میں خطابات دلوائے ہیں ، وہ دہلی ڈیئرڈیولس کی کپتانی بھی کرچکے ہیں۔ ٹی 20 ورلڈکپ 2007 میں گوتم گمبھیرہندوستانی ٹیم کا حصہ تھے۔ پورے ٹورنمنٹ میں گمبھیرنے سب سے زیادہ رنز بنائے تھے۔ فائنل میں گمبھیرکی اننگز اہم رہی تھی۔ انہوں نے پاکستان کے خلاف 54 گیندوں پر75 رنوں کی زبردست اننگز کھیلی تھی۔ 2008 تک گمبھیرکرکٹ کے ہرفارمیٹ کی ہندوستانی ٹیم کا حصہ بن گئے تھے۔ گوتم گمبھیرکے لئے 2009 یادگار سال رہا۔ اسی سال گوتم گمبھیر اپنے پہلے غیرملکی دورہ پرنیوزی لینڈ گئے اورہندوستان نے 41 سال بعد میزبان ٹیم کو اسی کی زمین پرشکست کا مزہ چکھایا۔ ہندوستان کی اس کامیابی میں گوتم گمبھیر کا کردار بہت اہم رہا۔ گمبھیرنے اس ٹسٹ سیریز میں 445 رن بنائے تھے۔

اسی سال گمبھیرسب سے بہترین کرکٹربھی بنے تھے۔ 2009 میں وہ آئی سی سی ٹسٹ درجہ بندی کے سرفہرست مقام پرپہنچے تھے۔ گوتم گمبھیر نے اپنا آخری ٹسٹ میچ نومبر2016 میں انگلینڈ کے خلاف کھیلا تھا۔ وہیں انہوں نے محدود اوور کی کرکٹ میں آخری مرتبہ جنوری 2013 میں انگلینڈ کے خلاف ونڈے میچ اوردسمبر2012 میں پاکستان کے خلاف ٹی20 بین الاقوامی میچ کھیلا تھا۔ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے پہلے سیزن میں گوتم گمبھیرنے دہلی ڈیئرڈیولس کے لئے 534 رنز بنائے ۔ وہ پہلے سیزن میں دوسرے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی تھے۔ ابتدائی دو سیزنز میں گمبھیرنے 1000 رنز اپنے کھاتے میں درج کئے تھے۔ ان کی بہترین کارکردگی کو دیکھتے ہوئے شاہ رخ خان کی فرنچائزی کولکاتا نائٹ رائیڈرس (کے کے آر) نے 2010 میں انہیں 2.4 ملین ڈالرخرچ کرکے انہیں اپنی ٹیم میں شامل کیا تھا۔ گوتم گمبھیرکواس ٹیم کی کمان بھی سونپ دی گئی تھی۔ انہوں نے اپنی کپتانی میں کے کے آر کو2012 اور2014 میں چمپئن بنایا۔ گمبھیر 2017 میں کے کے آرکوچھوڑ کردہلی ڈیئرڈیولس واپس آگئے تھے۔ انہیں اس ٹیم کی کپتانی سونپی گئی لیکن ابتدائی میچوں کے بعد پہلے انہوں نے کپتانی چھوڑی۔