نظام آباد:13؍ مئی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مجلس بچائو تحریک نظام آباد کے قائدین مسرز میر بشارت علی ، محمد عبدالباسط ،عبدالقادر ساجد، زین العابدین(نعیم بھائی)، محمد عثمان، شیخ انور، بابوبھائی، شیخ اصغر ،سید انور نے آج ضلع کلکٹر ضلع نظام آباد کو ایک میمورنڈم پیش کرتے ہوئے گوبر گھٹالے میں ملوث مجلسی کارپوریٹرس اور بلدی عہدیداروں کے خلاف سخت کاروائی کا مطالبہ کیا اور جامع تحقیقات کے ذریعہ اس گھٹالہ کے پس پشت سیاسی قائدین و بلدی عہدیداروں کوبے نقاب کرنے کی مانگ کی۔ مجلس بچائو تحریک کے قائدین نے کہاکہ ایک معمولی سیکل چوری کیس میں شیخ حیدر مرحوم کے خلاف مستعدی سے کاروائی کرنے والی نظام آباد پولیس گوبر گھٹالے میں ملوث کارپوریٹروں کے خلاف ابھی تک کسی بھی قسم کی کاروائی میں ناکام ہے ۔ مجلس بچائو تحریک اس بات کا بھی مطالبہ کرتی ہے کہ سلاٹر ہائوز سے چوری کیا ہوا گوبر کا ذخیرہ عیدگاہ اہلحدیث دھرم پوری ہلز کی متصل اراضی سے فوری ہٹایاجائے تاکہ عیدگاہ کا تقدس بحال ہو۔ عیدگاہ کے اطراف واکناف بلدیہ کی جانب سے اچھی طرح صفائی کی جائے۔