پناجی 4 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) گوا کے گورنر مریدولا سنہا نے آج ایک داغدار ریاستی وزیر فرانسیسکو پاچیکو کا استعفیٰ منظور کرلیا ہے۔ وہ کل کابینہ سے مستعفی ہوگئے تھے۔ گورنر نے چیف منسٹر آفس کو مطلع کیاکہ فرانسیسکو کا استعفیٰ منظور کرلیا گیا ہے جسے کل راج بھون کو روانہ کیا گیا تھا۔ ان کے استعفیٰ کے بعد ریاستی کابینہ میں وزراء کی تعداد 11 تک گھٹ گئی ہے اور ایک عہدہ خالی ہوگیا ہے۔ مذکورہ وزیر کو گزشتہ کابینہ میں شامل کیا گیا تھا، وہ گوا وکاس پارٹی کے رکن اسمبلی ہیں اور بی جے پی کی زیرقیادت حکومت میں وزیر آر ڈی اے اور آرکیالوجی تھے۔ انھیں ایک سرکاری عہدیدار کو طمانچہ رسید کرنے کے الزام میں ممبئی ہائیکورٹ گوا بنچ نے 6 ماہ کی سزائے قید 1500 روپئے جرمانہ عائد کیا تھا اور وہ حکم التواء حاصل کرنے کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع ہوئے تھے جہاں پر ان کی عرضی کو مسترد کردیا گیا۔ اب انھیں جیل میں 6 ماہ کی سزاء قید بھگتنی پڑے گی۔