گوا میں وزارت اعلیٰ کے عہدہ کیلئے آر ایس ایس کے دو قائدین پر غور وخوض

پنجی۔/6نومبر، ( سیاست ڈاٹ کام ) اب جبکہ یہ قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں کہ وزیر اعلیٰ گوا منوہر پاریکر کو مرکزی وزارت کا کوئی قلمدان تفویض کیا جانے والا ہے، لہذا بی جے پی کی ریاستی یونٹ کا آج ایک اجلاس منعقد ہوگا جس میں ریاست کے وزیراعلیٰ کے عہدہ کیلئے کسی نام کو قطعیت دی جائے گی۔ پارٹی ذرائع کے مطابق پاریکر جو اس وقت گوا یونٹ کے صدر ونئے تنڈولکر اور جنرل سکریٹری ستیش دھونڈ کے ساتھ دہلی میں ہیں، مذکورہ اجلاس میں شرکت کے لئے یہاں پہنچیں گے۔ کل دہلی میں ان قیاس آرائیوں کے دوران کے پاریکر کو وزارت دفاع کا قلمدان تفویض کیا جاسکتا ہے، انہوں نے صدر بی جے پی امیت شاہ سے ملاقات کی تھی اور بعد ازاں اسی شب انہوں نے اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ وزیر اعظم کے ساتھ صرف گوا امور پر بات چیت ہوئی تھی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ گوا کا اگلا وزیر اعلیٰ کون ہوگا اور پاریکر کے مرکزی وزارت میں آنے کے بعد گوا کی مخلوعہ نشست کیلئے امیدوار کسے بنایا جائے گا، ان تمام موضوعات پر بات چیت ہوئی۔پارٹی کے ایک سینئر قائد نے نام مخفی رکھنے کی شرط پر یہ بات بتائی۔ پارٹی نے اس ملاقات کے مقام کا افشاء اس لئے پیش کیا کہ وہ غیر ضروری تشہیر سے گریز کرنا چاہتی تھی البتہ ذرائع نے یہ بتایا کہ گوا کے وزیر اعلیٰ کے عہدہ کیلئے وزیر صحت لکشمی کانت پارسیکر اور اسمبلی اسپیکر راجندر آرلیکر کے ناموں پر غور و خوض کیا گیا۔ یہ دونوں آر ایس ایس کا پس منظر رکھتے ہیں اور ماضی میں پارٹی کے ریاستی سربراہ بھی رہ چکے ہیں۔ دریں اثناء پارسیکر نے کہا کہ پارٹی جو بھی فیصلہ کرے گی وہ اسی کے مطابق کام کریں گے۔ وہ وزارت اعلیٰ کے عہدہ کی دوڑ میں شامل نہیں۔ جو کچھ فیصلہ کرنا ہے وہ پارٹی کرے گی۔ دوسری طرف آر لیکر کا کہنا ہے کہ گوا کے وزیر اعلیٰ کے عہدہ کے لئے اب تک انہیں کوئی اطلاع نہیں ہے۔