گوا میں قیادت کی تبدیلی کے اندیشے مسترد ‘ پاریکر برقرار رہیں گے

پاناجی ۔ /19 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) گوا کی بی جے پی یونٹ نے آج کہا کہ اس ساحلی ریاست کی قیادت میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی ۔ گوا بی جے پی یونٹ کے سربراہ ونئے تنڈولکر نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علیل چیف منسٹر منوہر پاریکر کی تبدیلی کے امکان کو مسترد کردیا ۔ ان کے ریمارکس سے ایک دن قبل گوا فارورڈ پارٹی کے صدر وجئے دیسائی نے دعوی کیا تھا کہ زعفرانی جماعت پاریکر کے امکانی جانشین کے بارے میں غور کررہی ہے ۔ گوا کی مخلوط حکومت کے ساجھیداروں نے جمعرات کو دہلی میں بی جے پی کے صدر امیت شاہ سے ملاقات کرتے ہوئے تازہ ترین صور تحال پر تبادلہ خیال کیا تھا ۔ تنڈولکر نے کہا کہ ’’ پارٹی چاہتی ہے کہ آئندہ ساڑھے تین سال تک یہی حکومت باقی و برقرار رہے اور منوہر پاریکر کی قیادت میں اپنی میعاد مکمل کرے ‘‘ ۔ اس سوال پر کہ اپنے تین ارکان کے علیل ہونے کے سبب بی جے پی آیا اکثریت سے محروم ہوگئی ہے ۔ تنڈولکر نے جواب دیا کہ ’’اسمبلی اجلاس کل ہی طلب نہیں کیا جارہا ہے ۔ اجلاس کی طلب کیلئے ہنوز وقت باقی ہے ‘‘ ۔ پاریکر حکومت کو 23 ارکان اسمبلی کی تائید حاصل ہے اور بشرطِ ضرورت علیل ارکان بھی اسمبلی میں حاضر ہوسکتے ہیں ۔