گوا میں تشکیل حکومت کیلئے کانگریس کی سرگرمیوں میں شدت

ایوان میں اکثریت ثابت کرنے گورنر کو لیجسلیٹر پارٹی کی پیشکش
پاناجی 18 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) گوا میں چیف منسٹر منوہر پاریکر کی مسلسل علالت کے پیش نظر قیادت کی تبدیلی کے اندیشوں میں بدستور اضافہ ہورہا ہے اور اپوزیشن کانگریس بھی حکومت پر اپنی دعویداری کے ساتھ سرگرمیوں میں شدت پیدا کردی ہے۔ گوا کانگریس لیجسلیچر پارٹی نے منوہر پاریکر وزارت کو برطرف کرتے ہوئے اس کو متبادل حکومت کے قیام کی اجازت دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ 62 سالہ پاریکر کو امریکہ میں علاج سے واپسی کے بعد دوبارہ طبیعت بگڑ جانے کے سبب دہلی کے انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسیس (ایمس) میں شریک کردیا گیا ہے جس کے ساتھ ہی کانگریس نے اس مطالبہ کا اعادہ کیا ہے۔ 40 رکنی ریاستی اسمبلی میں کانگریس کے 16 ارکان نے اپنے لیڈر چندر کانت کاؤلیکر کی قیادت میں گورنر کے دفتر پہونچ کر یادداشت پیش کی۔ بعدازاں کاؤلیکر نے کہاکہ گورنر جو فی الحال ریاست سے باہر تھیں جو آج شام واپس ہوئی ہیں اور کانگریس کے ارکان اسمبلی کو ملاقات کے لئے طلب کیا ہے۔ کاؤلیکر نے کہاکہ کانگریس کو دیگر جماعتوں کے ارکان اسمبلی کی تائید بھی حاصل ہے اور گورنر کی طرف سے موقع دیئے جانے پر حکومت قائم کرسکتی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ ’’ایوان اسمبلی میں ہم اپنی اکثریت ثابت کرسکتے ہیں‘‘۔ واضح رہے کہ ایوان میں کانگریس 16 ارکان کے ساتھ سب سے بڑی جماعت ہے لیکن بی جے پی جس کے 14 ارکان ہیں اپنی حلیفوں گوا فارورڈ پارٹی اور ایم جی پی کی تائید سے حکومت بنائی ہے جس کے فی کس تین ارکان ہیں۔ نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے ایک رکن کے علاوہ تین آزاد ارکان بھی بی جے پی کی تائید کررہے ہیں۔