پاناجی۔17 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر گوا منوہر پاریکر کی علالت کے پیش نظر سیاسی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے پیر کو یہاں حکمراں بی جے پی کی جانب سے طلب کیے گئے ایک اجلاس میں قیادت میں تبدیلی کے لیے کوئی مطالبہ نہیں کیا گیا اور گوا حکومت مستحکم ہے۔ پارٹی کے سینئر قائد رام لال نے یہ بات کہی۔ یہ میٹنگ بی جے پی کے مرکزی مبصرین کی موجودگی میں طلب کی گئی تھی۔ یہ کہتے ہوئے کہ ریاستی حکومت مستحکم ہے رام لال نے کہا کہ حلیف جماعتوں نے اس میٹنگ میں بی جے پی کی تائید و حمایت کرنے کا اعادہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس میٹنگ میں مختلف قائدین کی جانب سے ظاہر کی گئی رائے سے پارٹی ہائی کمان کو واقف کروایا جائے گا تاکہ ریاست کے مفاد میں کوئی فیصلہ کیا جاسکے۔ 62 سالہ پاریکر، جنہیں لبلبہ کا ایک مرض ہوگیا ہے، علاج کے لیے نئی دہلی میں آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسس میں شریک کیا گیا ہے۔