پاناجی ، 28 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) گوا میں بی جے پی اپنے قومی صدر امیت شاہ کو 9 اپریل کو تہنیت پیش کرے گی کہ انھوں نے حالیہ ریاستی انتخابات میں پانچ ریاستوں میں سے چار میں پارٹی کو اقتدار دلانے پر اہم رول ادا کیا ہے۔ صدر بی جے پی گوا یونٹ ونئے تنڈولکر نے آج ’پی ٹی آئی‘ کو یہ بات بتائی۔ انھوں نے کہا کہ ریاستی دارالحکومت کے کیمپل گراؤنڈ پر جلسہ عام کا اہتمام کیا جائے جہاں زائد از 30,000 افراد شرکت کریں گے۔ اس جلسہ عام میں مرکزی وزیر نتن گڈکری بھی موجود ہوں گے، جنھوں نے گوا میں بی جے پی کیلئے تشکیل حکومت کی راہ ہموار کی اور علاقائی جماعتوں اور آزاد ارکان اسمبلی کے ساتھ اتحاد کو یقینی بنانے میں اپنا رول ادا کیا۔ یہ امیت شاہ کا قانون ساز اسمبلی کیلئے 4 فبروری کے الیکشن کے بعد پہلا دورہ ہوگا۔