پاناجی 4 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) گوا میں کانگریس نے آج اسمبلی اسپیکر پرمود ساونت کی برطرفی کے لئے پارٹی کے ارکان اسمبلی کی جانب سے دی گئی ایک نوٹس کو مسترد کئے جانے کو غیر قانونی قرار دیا اور فلور ٹسٹ کے لئے اس کے مطالبہ کا اعادہ کرتے ہوئے دعویٰ کیاکہ گوا میں بی جے پی زیرقیادت مخلوط حکومت نے ایوان اسمبلی میں اپنی اکثریت کھودی ہے۔ کانگریس قائدین نے یہ بھی کہاکہ حکومت کی برطرفی اور ایک روز طویل اجلاس طلب کرنے کے لئے گزشتہ ماہ گورنر مریدولا سنہہ کو پیش کی گئی ان کی یادداشت کا انھیں کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔ اسمبلی کا ایک روزہ اجلاس طلب کرنے کے لئے اس لئے کہا گیا تاکہ کانگریس واحد بڑی جماعت ہونے کے ناطے ایوان میں اپنی اکثریت ثابت کرسکے۔ اسپیکر نے چہارشنبہ کو گزشتہ ماہ کانگریس کے تمام 16 ارکان اسمبلی کی جانب سے داخل کی گئی نوٹس کو جس میں کانگریس کے ارکان نے ان کی اس عہدہ سے برطرفی پر زور دیا تھا، یہ کہتے ہوئے مسترد کردیا کہ یہ ’مینٹینبل نہیں‘ ہے۔ کانگریس کے ارکان اسمبلی نے21 ستمبر کو داخل کی گئی اپنی نوٹس میں اسپیکر کی برطرفی کے لئے کوئی وجہ نہیں بتائی۔ جمعرات کو یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس قائدین نے حکومت پر اقتدار کے نشہ میں ہونے اور اپوزیشن کو نظرانداز کرنے کا الزام عائد کیا۔ انھوں نے کہاکہ حکومت نے 40 رکنی اسمبلی میں اپنی اکثریت کو کھودیا ہے۔ اسمبلی میں اپوزیشن قائد چندرا کانت کاولیکر نے کہاکہ ’’حکومت کو برخاست کرنے اور ایک روزہ اجلاس طلب کرتے ہوئے واحد بڑی پارٹی یعنی کانگریس کو اسمبلی میں اپنی اکثریت ثابت کرنے کیلئے مدعو کرنے ہمارے مطالبہ پر توجہ نہیں دی گئی۔ ہم کو تاحال گورنر کے دفتر سے کوئی جواب موصول نہیں ہوا‘‘۔