گوالیار جاتے ہوئے ایم ٹیک طالب علم ٹرین سے لاپتہ

وشاکھا پٹنم 14 جون ( پی ٹی آئی ) وشاکھا پٹنم سے تعلق رکھنے والا ایک طالب علم گوالیار جاتے ہوئے ٹرین سے لاپتہ ہوگیا ۔ یہ واقعہ 10 جون کو پیش آیا ۔ گورنمنٹ ریلوے پولیس نے یہ بات بتائی ۔ ویزاگ گورنمنٹ ریلوے پولیس کے سب انسپکٹر نے بتایا کہ پروین کمار داس نامی یہ 20 سالہ نوجوان گوالیار میں ایم ٹیک سال دوم کا طالب علم تھا اور چند دن قبل شہر آیا تھا ۔ وہ 10 جون کو ویزاگ ۔ نئی دہلی ( سمتا ) ایکسپریس میں سوار ہوا تاکہ گوالیار پہونچ سکے تاہم وہ اپنے کالج نہیں پہونچا ۔ اس کے لاپتہ ہونے کا اس وقت انکشاف ہوا جب نظام الدین ریلوے اسٹیشن پر گورنمنٹ ریلوے پولیس کے عملہ نے اس کا لگیج اور موبائیل فون ٹرین سے دستیاب کیا ۔ فون میں نمبرات کو دیکھتے ہوئے پولیس نے اس کے والدین کو اطلاع دی جبکہ اس کے کالج سے بھی انتظامیہ نے والدین کو اس کے کالج نہ پہونچنے کی اطلاع دی تھی ۔ لاپتہ نوجوان کے والدین نے ویزاگ ریلوے پولیس میںشکایت درج کروائی ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا اور تحقیقات کی جا رہی ہیں۔