نئی دہلی ۔22 جون (سیاست ڈاٹ کام)ہندوستانی ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ انیل کمبلے کے استعفیٰ پر میڈیا اور سابق کھلاڑی سخت برہمی کا اظہار کر رہے ہیں۔ ان شخصیات میں سابق کھلاڑی سنیل گواسکر بھی شامل ہیں، جنہوں نے کہا کہ انھیں اس بات سے بہت دکھ پہنچا ہے۔ سنیل گواسکر نے سخت بیان دیتے ہوئے کہا کہ مجھے سمجھ میں نہیں آرہاہیکہ ہماری ٹیم کے نوجوان آخر کیا چاہ رہے ہیں؟ کیا انھیں ایسا نرم دل کوچ چاہیے جو ان سے کہے کہ جاؤ شاپنگ کرو، موج مستی کرو۔ آج تو نیٹ پریکٹس کی بالکل ضرورت نہیں ہے۔ گواسکر نے کہا کہ انیل کمبلے کی کوچنگ میں ٹیم نے جو کامیابیاں حاصل کیں وہ کسی سے چھپی نہیں ہیں۔ مجھے خدشہ ہے کہ جو انیل کمبلے کے ساتھ ہوا، اس سے نئے آنے والے کوچ پر کیا تاثر جائے گا۔یاد رہے ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی سے اختلافات کے بعد انیل کمبلے نے ٹیم کی کوچنگ سے استعفیٰ دے دیا۔ کوہلی اور کمبلے کے درمیان گزشتہ چھ ماہ سے بات چیت بند ہے اور نٹ ٹریننگ میں بھی وہ دیگر کھلاڑیوں سے تبادلہ خیال کرتے دکھائی دیئے۔