گواسکر کی تنقید پر یوسف پٹھان کا جوابی بیان

بنگلور ۔ 3 ۔ مئی (سیاست ڈاٹ کام) کے کے آر کے جارحانہ بیٹسمین یوسف پٹھان نے یہاں میزبان رائل چیلنجرس بنگلور کے خلاف 29 گیندوں میں 60 رنز کی برق رفتار اننگز جس میں حریف ٹیم کے سیزن میں سب سے کامیاب بولر شین واٹسن کے ایک اوور میں 20 سے زائد رنز بھی شامل ہیں، اس کے ذریعہ ٹیم کی کامیابی میں کلیدی رول ادا کیا جس پر کامینٹری کرنے والے سنیل گواسکر نے یوسف پٹھان کی اننگز کی ستائش کرنے کی بجائے بنگلور کی بولنگ کو کمزور قرار دیا اور ممبئی کے علاقہ پوپٹ واڑی کا حوالہ دیتے ہوئے اسے گلی کی بولنگ یعنی بچکانہ بولنگ قرار دیا۔ گواسکر کی تنقید پر یوسف پٹھان نے کہا کہ گواسکر نے جو کہا ان کا خیال تھا لیکن اگر آپ ورون ارون اور شین واٹسن کو دیکھیں تو وہ اپ نے ملک کے لئے کارنامے انجام دے چکے ہیں۔ بدقسمتی سے بنگلور کا بیٹنگ شعبہ جتنا طاقتور ہے ، بولنگ شعبہ اتنا طاقتور نہیں لیکن اتنے بڑے ٹورنمنٹ میں شرکت کرنے والی ٹیم کا بولنگ شعبہ اتنا بھی کمزور نہیں۔