اوٹکور۔23ستمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ڈی ایس پی نارائن پیٹ سرینواس ریڈی نے بتایا کہ اوٹکور منڈل کی شناخت ضلعی سطح پر بہت مشہور اور حساس مقام رکھتا ہے ۔ ایس پی نے عید اور تہوار کے موقع پر بھاری تعداد میں پولیس انتہائی چوکسی کیلئے ہدایت کی ہے ۔ عوام کو چاہیئے کہ عیدالاضحی اور گنیش تہوار کو پُرامن طریقہ سے منائیں اور افواہوں پر توجہ نہ دیں۔ کسی بھی قسم کے ناخوشگوار واقعہ کی صورت میںفی الفور پولیس کو مطلع کیا جائے ۔ ڈی سی پی نے نمائندہ ’’سیاست‘‘ منظور احمد گنہ کو بتایا کہ گنیش وسرجن جلوس کے پُرامن انعقاد کیلئے پولیس کیجانب سے سخت ترین صیانتی انتظامات روبہ عمل لائے گی ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ قانون کو ہاتھ میںلینے کی کوشش پر سخت کارروائی کی جائے گی ۔ ڈی ایس پی نے کہا کہ کسی قسم کی شرپسندی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا ۔ انہوں نے مسلمانوں سے خواہش کی کہ وہ بلاخوف و خطر اپنے فریضہ قربانی کو ادا کریں ۔ سی آئی مکتھل مسٹر کے سرینواس نے بتایا کہ اوٹکور شہر کے حساس مقامات کے علاوہ عبادتگاہوں اور عوامی مقامات پر پولیس کے خصوصی دستے کے علاوہ سادہ لباس میں پولیس اور خواتین پولیس دستوں کو تعینات کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ گنیش جلوس کے پُرامن انعقاد کیلئے زائدپولیس فورس بھی طلب کی جارہی ہے ۔ دوران جلوس کسی قسم کے ناگہانی واقعہ سے نمٹنے کیلئے ڈی سی پی ‘ سی آئی اور ایس آئی کیڈرس کے پولیس عہدیدار موجود رہیں گے ۔