حیدرآباد 24 ستمبر (سیاست نیوز) گنیش وسرجن کے دوران پیش آئے 3 مختلف واقعات میں 3 افراد بشمول ایک خاتون ہلاک ہوگئی۔ پہلا حادثہ پتھرگٹی کے قریب کل رات اُس وقت پیش آیا جب 30 سالہ محمد اکرم ساکن امان نگر تالاب کٹہ کل رات گنیش مورتی منتقل کرنے والی لاری کے نیچے آکر ہلاک ہوگیا۔ پولیس چارمینار نے لاری ڈرائیور کے خلاف ایک مقدمہ درج کرلیا۔ اسی قسم کے دوسرے واقعہ میں گنیش مورتیاں منتقل کرنے میں مصروف ایک خاتون ٹریکٹر کی زد میں آکر ہلاک ہوگئی۔ گاندھی نگر پولیس کے بموجب 46 سالہ ہیمالتا ایک بڑے ٹریکٹر کی زد میں آگئی جو گنیش مورتیاں منتقل کرنے میں مصروف تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ ٹریکٹر ڈرائیور کی مبینہ لاپرواہی کے نتیجہ میں یہ حادثہ پیش آیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے۔ تیسرے واقعہ میں چکڑپلی علاقہ میں محبوب خان لاری کی ٹکر سے ہلاک ہوگیا۔ بتایا جاتا ہے کہ 18 سالہ محبوب خان متوطن مغربی بنگال اپنے دوست کے ہمراہ مرکزی گنیش جلوس دیکھنے کی غرض سے باہر نکلا تھا کہ گنیش مورتی منتقل کرنے والی لاری نے اُسے ٹکر دے دی اور اِس حادثہ میں وہ برسر موقع ہلاک ہوگیا۔ نارسنگی پولیس اسٹیشن حدود میں بھی ایک واقعہ پیش آیا جس میں گنیش مورتی وسرجن کے دوران دو افراد غرقاب ہوگئے۔ بتایا جاتا ہے کہ 50 سالہ سریش کمار ساکن بیگم بازار اپنے دوست بہادر پورہ کے ساکن اے وینو نارسنگی میں واقع تالاب میں گنیش مورتی وسرجن کے لئے گئے تھے جہاں اتفاقی طور پر حادثہ کا شکار ہوگئے۔ پولیس نارسنگی نے دونوں افراد کی نعشیں تالاب سے باہر نکالیں۔