حیدرآباد ۔ /26 ستمبر (سیاست نیوز) گنیش وسرجن کے دوران آج علاقہ عنبرپیٹ میں چاقو زنی کا واقعہ پیش آیا ۔ تفصیلات کے بموجب 31 سالہ پروین چاری ساکن عنبرپیٹ اپنے دوست 26 سالہ نرسمہا کو بتکماں کنٹہ میں موجود گنیش منڈپ کے قریب وسرجن کے مسئلہ پر بحث و تکرار کے بعد چاقو سے حملہ کردیا ۔ اس واقعہ کے بعد علاقہ میں سنسنی پھیل گئی اور زخمی نرسمہا کو پولیس نے ملک پیٹ میں واقع ایک کارپوریٹ دواخانہ منتقل کیا ۔ ذرائع نے بتایا کہ پروین چاری اور نرسمہا دونوں نشہ میں دھت تھے اور مورتی کے وسرجن کو لیکر معمولی سی بحث و تکرار جھگڑے میں تبدیل ہوگئی اور کچھ ہی دیر میں چاری نے نرسمہا پر چاقو سے حملہ کرتے ہوئے اسے زخمی کردیا ۔ اس حملہ میں نرسمہا شدید زخمی ہوگیا ۔ پولیس نے ملزم کو فوری حراست میں لے لیا اور اس کے خلاف ایک مقدمہ درج کرلیا ۔