افواہوں پر توجہ نہ دینے عوام سے اپیل، ڈی ایس پی کی نمائندہ سیاست سے بات چیت
نارائن پیٹ۔ /23ستمبر، (مجاہد صدیقی نمائندہ سیاست ) عیدالاضحی اور گنیش وسرجن جلوس کے ایک روز کے فرق کے ساتھ ان دو حساس تہواروں کے پُرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے پولیس انتہائی چوکسی اختیار کئے ہوئے ہے۔ ان خیالات کا اظہار ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس نارائن پیٹ مسٹر پی سرینواس ریڈی نے نارائن پیٹ کیمپ آفس میں نمائندہ سیاست مجاہد صدیقی سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ افواہوں پر توجہ نہ دیں اور کسی بھی ہنگامی صورت میں راست پولیس سے رجوع ہوں، قانون کو اپنے ہاتھ میں لینے کی کوشش نہ کریں۔ واضح رہے کہ نارائن پیٹ میں گنیش وسرجن جلوس عیدالاضحی کے دوسرے دن یعنی 26ستمبر کو نکالا جارہا ہے۔ انہوں نے اس موقع پر بتایا کہ بڑے جانوروں میں گائے کے سوا تمام جانوروں کی قربانی پر کوئی پابندی نہیں ہے۔ انہوں نے انکشاف کیاکہ ممنوعہ گائے کی نقل و حرکت اور غیر سماجی عناصر کے نارائن پیٹ میں داخلے کو روکنے کیلئے نارائن پیٹ آنے والے راستوں بالخصوص کرناٹک سے آنے والی شاہراہوں، جلال پور، اخلاص پور کے علاوہ مدور، دامرگدہ، سنگارم پر چیک پوسٹ قائم کئے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ شہر کے حساس مقامات، عید گاہوں اور درگاہ روڈ، مساجد، عاشور خانوں پر پولیس کے پکیٹس کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے۔علاوہ ازیں گنیش منڈلوں کے پاس ایک ایک کانسٹبل کو انچارج بنایا گیا ہے۔ گنیش جلوس کے پُرامن انعقاد اور وقت پر اختتام کے لئے جلوس کے گذرنے کے راستوں پر ایک ایک سیکٹر بناتے ہوئے ایک پولیس آفیسر کو مقرر کیا گیا ہے۔ ضلع کے دیگر مقامات سے بھی زائد پولیس فورس کو طلب کیا گیا ہے۔ جلوس کے دوران کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے راست طور پر ڈی ایس پی، سی آئی اور سب انسپکٹر کیڈر کے عہدیدار جلوس کے اختتام تک جلوس کے ساتھ رہیں گے۔ انہوں نے ہندو مسلم قائدین اور عوام سے ان دونوں تہواروں کو مل جل کر منانے اور پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے پولیس اور حکومت کے ساتھ تعاون کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہائی کورٹ کے احکامات کی روشنی میں ڈی جے ساؤنڈ پر پابندی لگائی گئی ہے۔ انہوں نے یہ بھی انکشاف کیا کہ اس سال نارائن پیٹ کے کنڈا ریڈی پلی تالاب میں پانی نہ ہونے کی وجہ سے دریائے کرشنا میں مورتیوں کے نمرجن کے لئے انتظامات کئے گئے ہیں اور گنیش مورتیوں کو لاریوں کے ذریعہ دریائے کرشنا لے جایا جائے گا۔