نرمل میں امن کمیٹی کے اجلاس میں عہدیداروں کو اندرا کرن ریڈی کی ہدایت
نرمل۔یکم ستمبر، ( جلیل ازہر کی رپورٹ ) نرمل کی گنگا جمنی تہذیب ہمیشہ مثالی رہی ہے یہاں کے ہندو مسلم بھائی ہر تہوار مل جل کر مناتے ہیں، مجھے یقین ہے کہ اس روایت کو برقرار رکھتے ہوئے عید اور گنیش تہوار بھی پُرامن طریقہ سے منایا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار ریاستی وزیر امکنہ اے اندرا کرن ریڈی نے نرمل کلکٹریٹ میں امن کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے تمام محکموں کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ گنیش اور عید کے اس موقع پر عوام کو بہتر سے بہتر سہولیات فراہم کرے۔ ریاستی وزیر اے اندرا کرن ریڈی نے کہا کہ شہر نرمل امن کا گہوارہ ہے، ہم تمام کی ذمہ داری ہے کہ اس علاقہ میں ہندو مسلم اتحاد کو اور بھی فروغ دیتے ہوئے گنگا جمنی تہذیب کو پروان چڑھائیں۔ اس موقع پر ضلع ایس پی وشنو ایس واریار (IPS) نے کہا کہ تہوار کسی بھی طبقہ کا ہو مل جل کر خوشیاں بانٹنا چاہیئے، قانون کسی بھی صورتحال سے نمٹنے اور انصاف کیلئے ہمیشہ آپ کے درمیان رہے گا تاہم بڑے پیمانہ پر پولیس فورس کو دونوں تہواروں کے پیش نظر متحرک کردیا گیا ہے۔ خصوصی پولیس پارٹیاں تشکیل دیتے ہوئے غیر سماجی عناصر پر بھی پولیس کی نظر ہے۔ ان دونوں تہواروں کے پرامن انعقاد کیلئے بھاری تعدادمیں پولیس فورس متعین ہے۔ اس موقع پر صدر نشین بلدیہ مسٹر اے گنیش چکراورتی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلدیہ نرمل کی جانب سے عید گاہ اور گنیش وسرجن جلوس کے گذرنے کے راستوں کی مرمت کرتے ہوئے بلدیہ کی جانب سے مناسب انتظامات کو قطعیت دی گئی ہے۔ امن کمیٹی کے اس اجلاس سے مفتی الیاس احمد قاسمی کے علاوہ مختلف سیاسی، سماجی جماعتوں کے قائدین نے بھی خطاب کیا۔ اس اجلاس میں تمام محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیداروں نے شرکت کی۔