گنگولی کی آئی پی ایل 9 کے ورکنگ گروپ میں شمولیت

نئی دہلی 20 جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سورو گنگولی کو آج آئی پی ایل 9 کے انعقاد کیلئے منصوبہ بندی کیلئے بنائے جانے والے چار رکنی گروپ میں شامل کیا گیا ہے اور یہ گروپ جسٹس آر ایم لودھا کمیٹی کے فیصلے کے بعد آئندہ برس آئی پی ایل کے انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے سفارشات پیش کرے گی کمیٹی کا اجلاس آئی پی ایل کے چیر مین راجیو شکلاء کی صدارت میں ہوا اور اس اجلاس میں بی سی سی آئی کے سکریٹری انوراگ ٹھاکر اور انیرود چودھری بھی موجود تھے۔ پیانل کے ارکان کے ناموں کا اعلان کرتے ہوئے آئی پی ایل کے چیر مین راجیو شکلا نے کہا کہ تشکیل شدہ یہ پیانل لودھا کمیٹی کے فیصلے کا تفصیلی مطالعہ اور اس سے ہونے والے اثرات کا جائزہ لے گی اور ساتھ ہی آئی پی ایل 9 کے انعقاد کیلئے ممکنہ اور بہتر راہ تلاش کرتے ہوئے آٹھ ٹیموں کے ایونٹ کیلئے مکمل منصوبہ فراہم کرے گی ۔ شکلا نے میڈیا نمائندوں سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ یہ کمیٹی 6 ہفتوں کے وقت میں لودھا کمیٹی کے فیصلہ کا مطالبہ کرے گی اور اپنی سفارشات پیش کرے گی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ کمیٹی ماہرین قانون سے بھی تبادلہ خیال کرے گی تا کہ آئی پی ایل 9 کے انعقاد میں کسی بھی قسم کی قانونی پیچیدگیوں سے بچا جاسکے ۔ کمیٹی کو تشکیل دینے کافیصلہ دراصل گذشتہ روز ہی ممبئی میں منعقدہ آئی پی ایل گورننگ کونسل کے اجلاس میں کیاگیا تھا جہاں اجلاس میں موجود ارکان نے لودھا کمیٹی کے فیصلہ پر اظہار خیال کیا ۔ شکلاء نے آج کہا کہ گنگولی جو کہ آئی پی ایل گورننگ کونسل کے پہلے ہی رکن ہیں‘وہ اس گروپ میں بھی شامل کئے گئے ہیں تاہم وہ اس گروپ میں کھلاڑیوں کے نمائندے کے طور پر شامل کئے گئے ہیں۔ آئی پی ایل کے چیر مین شکلاء نے اس موقع پر وضاحت کردی ہے کہ بی سی سی آئی نے لودھا کمیٹی کے فیصلہ کو من و عن تسلیم کرلیا ہے اور اس کمیٹی کی تشکیل کا اصل مقصد آئی پی ایل 9 کے انعقاد میں 8 ٹیموں کی شمولیت اور کسی بھی قسم کے قانونی مسائل سے دور رہنا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئی پی ایل 9 کے انعقاد میں ہنوز وقت ہیں اور ہم کوئی بھی فیصلہ جلد بازی میں نہیں کرنا چاہتے بلکہ اس گروپ کی تشکیل کا اصل مقصد فیصلے کے مطابق ایسی راہ اختیار کرنا ہے جو آئی پی ایل کے آئند ایونٹ کو بہتر اور مقررہ وقت پر منعقد کیا جاسکے ۔ شکلاء کے بموجب لودھا فیصلے کو قبول کرنے کے بعدآئی پی ایل 9 کے انعقاد کیلئے یہ کمیٹی بنائی گئی ہے ۔