گنگولی کو ٹیم انڈیا کا پرفارمنس منیجر بنانے کا امکان

کولکتہ 24 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) سابق ہندوستانی کرکٹ کپتان سورو گنگولی کو امکان ہے کہ ہندوستانی ٹیم کے دورہ بنگلہ دیش کیلئے بحیثیت ہائی پرفارمنس مینیجر مقرر کیا جاسکتا ہے ۔ کہا جا رہا ہے کہ آئی پی ایل کے اختتام کے ساتھ ہی بی سی سی آئی کی مختلف کمیٹیوں کی جانب سے مختلف امور پر تبادلہ خیال اور غور و خوض کیا جا رہا ہے ۔ بی سی سی آئی کی جانب سے ہندوستانی ٹیم کے دورہ زمبابوے اور سری لنکا کی تواریخ کا تعین بھی کیا جانے والا ہے ۔ آئی پی ایل کے بعد ہندوستانی ٹیم بنگلہ دیش کا دورہ کریگی اور امکان ہے کہ بی سی سی آئی کے سکریٹری انوراگ ٹھاکر صدر بی سی سی آئی جگموہن ڈالمیا سے ہندوستانی ٹیم کے سپورٹ اسٹاف کے تعلق سے تبادلہ خیال کرینگے ۔ یہ اشارے ملے ہیں کہ سابق کپتان سورو گنگولی کو ٹیم کے ہائی پرفارمنس مینیجر کی حیثیت سے خدمات انجام دینے کیلئے ترغیب دینے کی کوشش کی جائیگی ۔ سورو گنگولی کی خدمات مختصر مدت کیلئے ہوسکتی ہیں کیونکہ گنگولی کرکٹ اسوسی ایشن آف بنگال میں جوائنٹ سکریٹری کا عہدہ رکھتے ہیں۔ امکان ہے کہ بی سی سی آئی کی جانب سے اس نئے عہدہ کیلئے شرائط و قواعد کو طئے جانے کے بعد پیر کو گنگولی کے تقرر کا اعلان کیا جاسکتا ہے ۔ اگر سورو گنگولی کو واقعتا ہائی پرفارمنس مینیجر مقرر کیا جاتا ہے تو پھر یہ دیکھنا ہوگا کہ اسسٹنٹ کوچس سنجے بنگر اور بی ارون اپنے عہدوں پر برقرار رہتے ہیں یا نہیں۔