جئے پور ۔ 23 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) راجستھان رائلز کے خلاف اپنی ٹیم کی کامیابی میں کلیدی رول ادا کرنے والے وکٹ کیپر بیٹسمین رشپھ پنت نے سابق کپتان سورو گنگولی کی جانب سے انہیں اٹھا لینے کو خاص اعزاز قرار دیا ہے۔ راجستھان کے خلاف دہلی کیپٹلس کی 6 وکٹوں کی کامیابی میں 78 رنز اسکور کرنے والے پنت نے کہا کہ جب میں مقابلہ اپنی ٹیم کے حق میں کرنے کے بعد میدان سے باہر واپس آرہا تھا تو سب ہی اپنی محبت اور دادوتحسین پیش کررہے تھے لیکن سورو سر نے مجھے اٹھا لیا جوکہ میرے لئے ایک خاص تجربہ رہا اور مجھے بہت اچھا محسوس ہوا۔ پنت نے مزید کہاکہ وہ اور اوپنر شا مقابلے کے دوران تبادلہ خیال کررہے تھے اور ایسے مقابلے ہم ٹیم کے حق میں کرنا چاہتے تھے۔ اوپنر شا (42) اور پنت نے تیسری وکٹ کیلئے تیز رفتار 192 رنز کی پارٹنر شپ نبھائی جس کی وجہ سے دہلی کی ٹیم 192 رنز کا نشانہ حاصل کرلیا اور اس کامیابی کے ذریعہ اب دہلی 8 ٹیموں کے جدول میں پہلے مقام پر پہنچ چکی ہے۔ اپنی اس شاندار اننگز کے ضمن میں کئے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے پنت نے کہا کہ یہ ایک بہترین اننگز تھی اور میں شا سے کہہ رہا تھا کہ ہم کامیابی حاصل کرسکتے ہیں لہٰذا جس طرح مقابلے کا اختتام ہوا وہ میرے لئے شاندار احساس ہے۔