نئی دہلی ۔19مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) لوک سبھا میں آج ایک بی جے پی رکن کی جانب سے گنگا کی اصلیت اور اس میں نہانے کے ’’اثرات‘‘ پر سوال نے کئی ارکان کو حیرت میں ڈال دیا ۔ پی پرتاپ سنہا چوہان نے جب یہ سوال کیا تو اسپیکر سمترا مہاجن خود بھی حیران ہوگئیں اور پوچھا یہ کیا ہے ؟۔ کیا یہ کوئی سوال ہے ؟ چوہان نے سوال اس وقت اٹھایا جب منسٹر آف اسٹیٹ آبی وسائل سندر لال جاٹ وقفہ سوالات کے دوران مختلف جواب دے رہے تھے ۔ چوہان نے کہا ‘ وہ جاننا چاہتے ہیں کہ گنگا کو کس نے لایا ‘ انہوں نے کیوں لایا ؟ اس میںنہانے کے کیا اثرات ہوتے ہیں ؟ اس عجیب و غریب سوال سے کئی ارکان کے چہروں پر مسکراہٹ آگئی جبکہ اکثر ارکان حیرت سے ایک دوسرے کا چہرہ تک رہے تھے ۔ جاٹ نے کہا یہ ایک تاریخی معاملہ ہے ‘ یہ کہا جاتا ہیکہ بھاگیرتھ نے عوام کی بہبود کے لئے اسے یہاں لایا ۔ یہاں پوجاکی جاتی ہے ۔ قدیم ہندو کتابوں کے مطابق بھاگیرتھ نے لارڈ شیوا سے خواہش کی تھی کہ مقدس ندی کو جنت سے زمین پر لایا جائے ۔