گنٹور میں 6 گاووںمیں آتشزنی ‘ کیلے کی کاشت و پمپ سیٹس خاکستر

گنٹور 29 ڈسمبر ( پی ٹی آئی ) آندھرا پردیش کے نئے دارالحکومت کے قیام کیلئے جس مقام کی نشاندہی کی گئی ہے وہاں کچھ تخریب کاروں کی جانب سے آگ لگانے کا واقعہ پیش آیا جس کے نتیجہ میں چھ گاووں میں کیلے کے درختوں اور پمپ سیٹس کو نقصان پہونچا ہے ۔ یہ مقا م گنٹور ضلع میں ٹولور کے قریب واقع ہے ۔ اطلاع ملنے پر ضلع کلکٹر کانتی لال ڈانڈے اور سپرنٹنڈنٹ پولیس راجیش کمار نے گاوں کا دورہ کرتے ہوئے متاثرہ کسانوں سے ملاقات کی ۔ محکمہ مال کے عہدیداروں نے بھی نقصانات کا جائزہ لینا شروع کردیا ہے ۔ واقعہ کے تعلق سے سوال کرنے پر آندھرا کے ڈی جی پی جے وی راموڈو نے میڈیا کو بتایا کہ یہ عمدا کی گئی شرارت ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ تقریبا 15 کیلومیٹر کے علاقہ تک چھ گاووں میں کیلے کے درخت تباہ ہوئے ہیں۔ چیف منسٹر آندھرا پردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے ضلع کلکٹر کو اس واقعہ کی مکمل تحقیقات کرتے ہوئے فوری رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ وائی ایس آر کانگریس نے آگ لگائے جانے کے اس واقعہ کی اعلی سطح پر تحقیقات کروانے کا مطالبہ کیا ہے ۔