گمشدہ کمسن لڑکے کی باز یابی

پولیس نے روڈی شیٹر کے چنگل سے بچالیا، آپریشن اسمائیل جاری
حیدرآباد۔ 5 ۔ جنوری (سیاست نیوز) مرکزی وزارت داخلہ کی جانب سے گمشدہ بچوں کا پتہ لگانے کیلئے قائم کئے گئے ’’آپریشن اسمائیل‘‘ جسے یکم جنوری سے تلنگانہ ریاست میں آغاز کیا گیا تھا، کے تحت آج سائبر آباد پولیس نے 13 سالہ گمشدہ کمسن کو روڈی شیٹر کے چنگل سے بچالیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ رائے درگم پولیس اسٹیشن کا روڈی شیٹر اشوک جو گڈمبا کا کاروبار کرتا ہے، نے ورنگل کے ایک گمشدہ کمسن 13 سالہ ارملی کو غیر قانونی طور پر محروس رکھ کر اسے گڈمبے کی غیر قانونی منتقلی و کاروبار میں استعمال کیا۔ سائبر آباد پولیس نے آپریشن اسمائیل کے ذریعہ کمسن کا پتہ لگانے میں کامیابی حاصل کرلی اور روڈی شیٹر اشوک کے ٹھکانہ پر دھاوا کر کے بچے کو اس کے چنگل سے بچالیا گیا اور اس کے والدین کے حوالہ کردیا گیا۔ سائبر آباد میں وہاں کے کمشنر مسٹر سی وی آنند نے یکم جنوری سے آپریشن اسمائیل کا آغاز کیا تھا اور ہر ڈیویژن میں گمشدہ بچوں کا پتہ لگانے کیلئے خصوصی ٹاسک فورس بھی قائم کی تھی ۔ واضح رہے کہ گمشدہ بچوں کی تعداد میں اضافے کے پیش نظر مرکزی وزارت داخلہ نے بچوں کی گمشدگی پر اغواء کا مقدمہ درج کرنے اور ان کی تلاش میں بروقت شدت پیدا کرنے کے احکامات جاری کئے تھے اور ملک بھر میں غازی آباد میں ان احکامات کی بخوبی عمل آوری ہوئی ہے جس کے تحت وزارت داخلہ نے تمام ریاستوں میں اس آپریشن اسمائیل پر سختی سے عمل کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں۔